شہداءکا خون رائیگاں نہیں جائے گا، ہر حال میں دہشت گردی کو شکست دیں گے: وزیراعظم
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پوری سیاسی قیادت متحد ہو چکی ہے، درست وقت پر موثر اقدامات کرتے ہوئے کامیابی حاصل کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں سیاسی و عسکری قیادت شریک ہوئی۔ ذرائع کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ڈی جی آئی ایس آئی، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور خیبرپختونخواہ کے گورنر سردار مہتاب عباسی اجلاس میں شریک ہوئے۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کمانڈرز کانفرنس کے فیصلوں سے متعلق اجلاس کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہماری جنگ، دہشت گردی، نفرت اور خوف کے خلاف ہے، دہشت گردوں اور ان کے معاونین کے درمیان کوئی فرق روا نہیں رکھا جائے گا اور دہشت گردوں کو ہر حال میں شکست دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جوانوں کی قربانیاں اور معصوموں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، درست وقت پر موثر اقدامات کرتے ہوئے کامیابی حاصل کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ سے کوئی بھی لاتعلق نہیں رہ سکتا، دہشت گردی کےخلاف جنگ میں تمام ذرائع استعمال کئے جائیں گے اور بے خوف ہو کر دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں کے مستقبل کے تحفظ کیلئے مسلح افواج کی سپورٹ کریں گے اور دہشت گردی کے خلاف انٹیلی جنس، قانونی اور آئینی ذرائع استعمال کریں گے۔