زائچہ گھر ۔۔علم نجوم کی روشنی میں اپنا مستقبل جانیں
سفر اور قانونی مشکلات
خرم حمید۔۔۔ اسلام آباد
سوال: میں نے آسٹریلیا کے ویزے کے لئے درخواست دے رکھی تھی لیکن میرا ویزہ مسترد ہو گیا ہے۔ آپ مہربانی فرما کر زائچوں کی روشنی میں یہ بتائیں کہ میں کب تک بیرون ملک جا سکوں گا، اگر کوئی رکاوٹ ہے تو اس کا روحانی تدارک بھی بتا دیں۔
جواب: آپ کے زائچہ کے نویں گھر میں زحل کی موجودگی سفر میں مشکلات کو ظاہر کر رہی ہے۔ روحانی تدبیر اختیار کرنے سے مطلوبہ مقاصد میں آپ کو کامیابی حاصل ہو سکتی ہے۔ آپ کے لئے بیرون ملک کا سفر 2019ء کے بعد بہتر رہے گا۔ اس وقت تک مطلوبہ قانونی شرائط پوری کریں اور غیر قانونی ہتھکنڈوں سے گریز کریں۔ جعلی دستاویز یا منفی ذریعہ ہمیشہ کے لئے پابندی یا مسائل پیدا کر سکتا ہے، محتاط رہیں۔ اپنا مبارک پتھر: یاقوت پہنیں اور جمعہ کے روز چرند پرند کو ملا جلا اجناس ڈالیں، انشاء اللہ بہتری ہو گی۔
بیٹی کی طلاق
زبیدہ جلال۔۔۔ چکوال
سوال: میں ایک دکھی ماں ہوں، میری ایک ہی بیٹی ہے جس کی طلاق کا مسئلہ چل رہا ہے۔ بیٹی کی پہلے بھی شادی ہو چکی ہے لیکن طلاق ہو گئی تھی۔ پہلے لوگ لالچی تھے، ہر وقت فرمائشیں اور مالی مشکلات اور مسائل کی وجہ سے نوبت طلاق تک جا پہنچی۔ اس کا موجودہ شوہر بھی ٹھیک نہیں ہے۔ کام میں اس کی دلچسپی کم اور برے کاموں یعنی نشہ اور بازاری عورتوں کے چکر میں زیادہ ہے۔ گھریلو اخراجات اور حقوق بھی پوری طرح ادا نہیں کرتا۔ روزانہ کے لڑائی جھگڑے مار پیٹ سے تنگ آکر نوبت طلاق تک آگئی ہے۔ میری بیٹی بہت پریشان رہتی ہے۔ کہتی ہے کہ میری قسمت ہی خراب ہے۔ براہ مہربانی اس کا زائچہ بنا کر بتائیں کہ اس کی قسمت خراب کیوں ہے اور اس کے حالات کب اچھے ہونگے؟
جواب: زائچوں کی روشنی میں آپ کی بیٹی کے زائچہ کے مطابق آپ کی بیٹی منگلیشی ہے۔ اسی وجہ سے اس کو طلاق جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ منگلیشی لوگوں کے لئے شادی، ازدواجی معاملات انتہائی پریشانی کا باعث ہوتے ہیں۔ اکثر ان کی شادیاں ناکام ہو جاتی ہیں یا پھر شادی ہونے کے باوجود بھی ایسے جوڑے ایک چھت کے نیچے علیحدہ علیحدہ زندگی گزار رہے ہوتے ہیں۔ مسائل کی تشخیص اور حل کے لئے کوشش یہ کرنی چاہیے کہ منگلیشی لوگوں کی شادی منگلیشی کے ساتھ ہو۔ یہی اس کا حل ہے لیکن اگر ایسے لوگوں کی شادی ہو گئی ہے اور مسائل بھی پیدا ہو گئے ہیں تو ان کا روحانی تدارک بھی کیا جا سکتا ہے۔ اس کے لئے منگل کے دن بڑے گوشت کا صدقہ دیں۔ رد نحوست کا وظیفہ کریں (عمل حب) زوجین کے مابین کروائیں۔ اس طرح ازدواجی موافقت کو بڑھایا جا سکتا ہے۔ ذہنی طور پر بھی لچک دارانہ رویہ اختیار کریں، یوں زندگی میں بہتری آئیگی اور طلاق تک نوبت نہیں پہنچے گی۔ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور اپنے ربّ سے عاجزانہ دعا مانگے۔ انشاء اللہ بہتری ہو گی۔
شادی کب ہو گی؟
محمد اعظم
سوال: شادی کب اور کہاں ہو گی، خاندان میں یا باہر؟ کیا بیرون ملک جا سکوں گا، جس سے شادی ہو گی اس کے نام کا پہلا حرف کیا ہو گا؟
جواب: زائچوں کی روشنی میں لگائے گئے حساب کے مطابق آپ کی شادی ہونے کا وقت آچکا ہے لیکن حالات یا آنے خود ان سے استفادہ نہیں کیا ہے۔ ہمارے حساب سے آپ کی شادی ہو جانی چاہیے تھی۔ بہرحال آپ کے حالات میں بہتری اگلے سال 29 اکتوبر کے بعد نظر آرہی ہے۔ آپ مثبت کوشش جاری رکھیں، انشاء اللہ مطلوبہ مقاصد میں کامیابی حاصل ہو گی۔
فرسٹ ایئر میں
راحیلہ اکرم خان
سوال: میں فرست ایئر میں پڑھتی ہوں، آپ مجھے بتائیں کہ کیا میں فرست ایئر میں پاس ہو جاؤں گی اور کیا میں آگے گریجویشن کر سکتی ہوں۔ میں کمپیوٹر کورس کر کے آگے جاب کرنا چاہتی ہوں۔ زائچہ بنا کر بتائیں کہ میرا مستقبل کیسا ہے اور آگے کی زندگی کیسی گزرے گی؟
جواب: زائچوں کی روشنی میں لگائے گئے حساب کے مطابق آپ کوشش اور محنت سے اپنے مطلوبہ مقاصد میں کامیاب ہو سکتی ہیں۔ حالات میں بہتری کے لئے نماز پنجگانہ خشوع کے ساتھ ادا کریں۔ والد صاحب کی بیماری روحانی علاج سے ٹھیک ہو جائے گی۔ ہفتہ کے روز کالے ماش کا صدقہ دیں۔ منگل کے روز سرخ مرغ کا صدقہ دیں۔ آپ کا مستقبل بہتر ہے۔
مناسب روزگار
ثاقب حسین۔۔۔ سیالکوٹ
سوال: کیا میں بہتر روزگار کے سلسلے میں بیرون ملک جا سکوں گا، اگر نہیں تو میرے لئے کون سا کام راس رہے گا؟ میرا برج و ستارہ بھی بتا دیں۔
جواب: بمطابق تاریخ پیدائش آپ کا برج ثور حاکم سیارہ زہرہ ہے۔ ملک کے اندر بھی آپ کو حصول روزگار میں کامیابی حاصل ہو گی۔ بیرون ملک جانے کا موقع اگلے سال میں مل سکتا ہے۔ لوہے اور تانبے سے متعلقہ کوئی بھی کام آپ کو راس آئے گا۔
کرکٹ اور شادی
جواد حیدر۔ملتان
سوال: مجھے کرکٹ کھیلنے کا بے حد شوق ہے۔ مجھے بتائیں کہ کیا میں اپنے مقصد میں کامیاب ہو جاؤں گا، شادی کب ہو گی؟
جواب: شوق کی تکمیل کی حد تک کامیابی متوقع ہے۔ بہت زیادہ شہرت کے لئے مزید محنت درکار ہے۔ شادی 3 سال تک خاندان میں حسب خواہش ہو گی۔
۔۔
( ایم اے شامی نقشبندی روحانی علوم سمیت علم نجوم ،علم الاعداد، دست شناسی ،علم الجفر کے ماہر ہیں،وہ کئی قومی اخبارات و جرائد میں کالم لکھ کر لوگوں کی رہ نمائی کرتے ہیں۔اگر آپ کو بھی ایسے مسائل کا سامنا ہے تو اپنے کوائف اس پتہ پر ای میل کریں ،کوائف میں اپنا نام،تاریخ پیدائش،وقت پیدائش،شہر کا نام لازمی لکھیں۔جواب اس کالم مِیں باری آنے پر دیا جائیگا۔pakastrologer@gmail.com )