حیدرآباد، ناقص چپس کھانے سے 2کمسن بہن بھائی جاں بحق ، قصور میں زہریلے کھانے سے 5افراد کی حالت غیر

حیدرآباد، ناقص چپس کھانے سے 2کمسن بہن بھائی جاں بحق ، قصور میں زہریلے کھانے ...

  

حیدر آباد، قصور(اے این این)حیدر آباد میں ریسٹورنٹ سے مبینہ طور پر ناقص چپس کھانے کے بعد 2 کمسن بہن بھائی جاں بحق ہوگئے۔ پولیس نے منیجر سمیت 3 افراد کو حراست میں لے لیا۔چھوٹی سی لاپرواہی نے جامشورو کے رہائشی ستار کے گھر صف ماتم بچھا دی، واقعہ کینٹ ایریا صدر میں پیش آیا جہاں بہن اور بھائی نے ایک ریسٹورنٹ سے چپس کھائے۔ چپس کھاتے ہی دونوں کی حالت بگڑ گئی، جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ حالت نہ سنبھلنے پر دونوں کو دوسرے ہسپتال لیجایا گیا جہاں دونوں بہن بھائی دم توڑ گئے۔پولیس نے کارروائی کر کے ہوٹل سیل کر کے 3ملازمین کو حراست میں لے لیا۔ بچوں کے والد ستار نے بتایا کہ وہ اپنی اہلیہ اور بچوں کے ساتھ شاپنگ کیلئے آئے تھے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ہسپتال عملے نے بچوں کا پیٹ جلد واش نہیں کیا جس کی وجہ سے ان کی ہلاکت ہوئی۔آئی جی سندھ سید کلیم امام نے واقعہ کا نوٹس لے لیا اور واقعہ کی شفاف تحقیقات کرنے کا حکم جاری کردیا ۔دوسرا واقعہ قصور میں سٹیل باغ کے قریب پیش آیا جہاں رجب، عاطف، شبیر، طارق اور عبد الجبار ایک ہوٹل میں کھانا کھانے آئے، اس دوران کھانے سے چھپکلی نکل آئی جسے دیکھ کر پانچوں کی حالت بگڑ گئی، متاثرہ افراد کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہسپتال قصور منتقل کیا گیا۔ اہل علاقہ نے واقعہ کی شکایت پولیس اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کو دی، پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ہوٹل پر چھاپہ مارا اور اسے سیل کر دیا۔صدمے سے ہوٹل مالک شوکت کو ہارٹ اٹیک ہو گیا، جسے ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ دم توڑ گیا۔

زہریلا کھانا

مزید :

پشاورصفحہ آخر -