جلالپور پیروالا ‘ صفائی صورتحال پر چیف آفیسر بلدیہ ‘ وائس چیئرمین آمنے سامنے

جلالپور پیروالا ‘ صفائی صورتحال پر چیف آفیسر بلدیہ ‘ وائس چیئرمین آمنے ...

  

جلالپور پیر والہ (نامہ نگار) شہر میں صفائی کی خراب صورتحال بارے عوامی احتجاج کے بعد چیف آفیسر بلدیہ اور وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی کے مابین تلخ کلامی ہو گئی جس کے بعد(بقیہ نمبر43صفحہ12پر )

چیف آفیسر بلدیہ نے وائس چیئرمین کی طرف سے تھپڑ مارے جانے کا موقف اختیار کرتے ہوئے تھانے میں کاروائی کے لیے درخواست دے دی۔ تفصیل کے مطابق میونسپل کمیٹی سے چندگز کے فاصلے پر واقع گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کے سامنے کمیٹی روڈ پر گذشتہ دوتین ماہ سے سیوریج کا غلیظ پانی جمع ہے محلہ امیرآباد کے درجنوں افراد متعدد احتجاجی مظاہروں کے باوجود مسلہ حل نہ ہونے پر سوموار کو بھی احتجاج کرتے ہوئے سڑک کو بلاک کئے ہوئے تھے کہ اس دوران مظاہرین نے ممبر ضلع کونسل ملتان مشتاق بلوچ کی گاڑی کو بھی آگے جانے سے روک دیا جس پر مشتاق بلوچ اپنی گاڑی سے اُتر کر مظاہرین سے بات چیت کے بعدمسلہ حل کروانے کے لیے مظاہرین کو اپنے ہمراہ میونسپل کمیٹی لے گئے چیئرمین میونسپل کمیٹی کی اپنے دفتر میں عدم موجودگی کی بنا پر یہ لوگ چیف آفیسر بلدیہ شمشیر علی کے دفتر میں چلے گئے اورمطالبہ کیا کہ موقع کا جائزہ لے کر مسلہ جلد از جلد حل کروایا جائے ، اسی دوران وائس چیئرمین عبدالغفور نعمانی جو اس وارڈ کے کونسلر بھی ہیں کمیٹی کے باہر سے گذر رہے تھے کہ مظاہرین میں شامل بعض افراد نے انہیں روک کر پہلے مسلہ حل کروانے کا مطالبہ کر دیا جس کے بعد وائس چیئرمین بھی چیف آفیسر کے پاس پہنچ گئے چیف آفیسر سے بات چیت کے دوران مشتاق بلوچ اور عبدالغفور نعمانی کی ان سے تلخ کلامی بھی ہو گئی ،کچھ دیر بعد میونسپل کمیٹی کے چیئرمین سلیم ستار، کونسلر چوہدری محمد حسین اور خواجہ یحییٰ درجنوں کمیٹی ملازمین کے ہمراہ چوک فوارہ پر پہنچ گئے اور احتجاج کرتے ہوئے وائس چیئرمین پر الزام لگایا کہ تلخ کلامی کے دوران انہوں نے چیف آفیسر کو تھپڑ مارے ہیں وائس چیئرمین کے خلاف قانونی کاروائی نہ کی گئی تو شہر میں عملہ صفائی 3 دن تک کام نہیں کرے گی اور میٹھے پانی کی سپلائی بند کر دی جائے گی، بعد ازاں ان مظاہرین نے تھانے پہنچ کر وائس چیئرمین کے خلاف کاروائی کی درخواست بھی دے دی۔ رابطہ پر وائس چیئرمین عبدالغفور نعمانی نے موقف اختیار کیا کہ شہر بھر میں اور ان کے وارڈ میں گذشتہ کئی ماہ سے تمام گلیوں میں سیوریج کی خراب صورتحال کی وجہ سے گلیاں غلیظ پانی سے بھری ہوئی ہیں متعدد بار چیئرمین اور چیف آفیسر کی توجہ دلانے کے باوجود عملہ صفائی نہیں آتا، چئیرمین سیاسی مخالفت کی بنا پر میرے وارڈ کے مسائل حل نہیں کرواتا، وارڈ کے مظاہرین کے دباو پر چیف آفیسر کے پاس مسلہ کے حل کے لیے گیا تو عوامی مسلے پر توجہ نہ دینے پر دو طرفہ تلخ کلامی ہوئی تھی چیف آفیسر بلدیہ نے مجھے دھمکیاں دیں اور ان کے ایما پر بعض ملازمین نے مجھے زدوکوب کرنے کی کوشش کی گئی،میری طرف قانونی کاروائی کے خدشے پر مجھ پر ہی بے بنیاد الزام لگا رہے ہیں، چیئرمین سیاسی مقاصد کے لیے چیف آفیسر اور ماتحت ملازمین کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔دریں اثنا وارڈ نمبر 1 کے رہائشیوں رانا محمد یعقوب، محمد زبیر، خواجہ ارشاد، ملک عبدالروف، محمد تنویر، صغیر احمد، محمد شاہد، محمد عامر اور دیگر نے کہا ہے کہ وارڈ کے مسائل اجاگر کرنے کی پاداش میں وائس چیئر مین کے خلاف سیاسی مقاصد کے لیے کوئی کاروائی کی گئی تو اہلیان وارڈ بھر پور احتجاج کریں گے۔

مزید :

ملتان صفحہ آخر -