بجلی کے بقایا جات ، غیر قانونی کنکشنز، کنڈا مافیا کے خلاف اپریشن تیز کیا جائے ،عبدالغفور بیگ

بجلی کے بقایا جات ، غیر قانونی کنکشنز، کنڈا مافیا کے خلاف اپریشن تیز کیا ...

  

مردان(بیورورپورٹ) کمشنر مردان ڈویژن عبدالغفور بیگ نے متعلقہ افسرا ن کو ہدایت کی ہے کہ بجلی کے بقایا جات ، غیر قانونی کنکشنز، کنڈا مافیا کے خلاف اپریشن تیز کیا جائے تاکہ عوام ناروا لوڈ شیڈنگ ، اوور بلنگ اور جرمانوں سے نجات پاسکیں۔ وہ گزشتہ روز اپنے دفتر میں واپڈ ا سے متعلق اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ ، اجلاس میں ڈپٹی کمشنر مردان عابد خان وزیر ، ایس ای واپڈا شیر داد خان ،ایکسین مردان ٹو سید انعام اللہ جان، ایکسین مردان ون شارس خان، ایکسین تخت بھائی فدا محمد خان ، ایس پی اپریشن امجد علی خان، اے سی آر کریم گل کے علاوہ محکمہ واپڈا کے ایس ڈی اوز نے شرکت کی۔ کمشنر مردان کو ایس ای وپڈا شیر داد خان نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ، پولیس اور واپڈا کے مشترکہ اپریشنز کے نتیجے میں اب تک ڈومیسٹک اورکمرشل نادہندہ صارفین سے کل 30.72ملین روپے ریکوری ہوئی ہے جوقابل ستائش ہے اسکے علاوہ 173افراد کے خلاف ایف آئی آر رجسٹر ہوچکے ہیں جبکہ 140افراد گرفتار کئے گئے ہیں ، آپریشن کے دوران 3198کنڈے ہٹائے گئے ہیں اور ان علاقوں میں 148میٹرز نصب کئے ہیں جس کی وجہ سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں کمی واقع ہوگی۔ کمشنر مردان ڈویژن نے متعلقہ افسروں کو ہدایت جاری کیں کہ بجلی کی مد میں بقایاجات کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر اپریشن کو جاری رکھیں اور کنڈا مافیا کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے انہیں جیل بھیج دیا جائے تاکہ آئندہ کے لئے کوئی بھی بجلی چوری نہ کرسکے ۔ ریکوری کے لئے پہلے بجلی صارفین کو ایک ہفتے مہلت دیں ، مہلت پوری ہونے پر فوری طور پر بجلی کنکشن کاٹ دیا جائے ۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ ضلع اور تحصیل سطح پر ضلعی انتظامیہ اور واپڈا دونوں کی کوآرڈینیشن انتہائی ضروری ہے جو کہ روزانہ کی بنیاد پر میٹنگ کیا کریں، جس سے بجلی سے متعلقہ مسائل کے حل میں خاطر خواہ بہتری آئیگی۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -