برج حمل

برج حمل

  

ستاروں، سیاروں اور بُرجوں کی روشنی میں 2019ء آپ کی معاشی، معاشرتی اور خانگی زندگی پر کیا اثرات مرتب کرے گا؟

روزنامہ ’’پاکستان‘‘ کے شیخ طارق اقبال ماہر علم نجوم کی بنیاد پر سالِ نو کے متعلق پیش گوئیاں کرتے ہیں۔

پیارے قارئین

قدیم اور جدید سائنٹیفک نظریات اور مشاہدات سے یہ تسلیم شدہ امر ہے کہ نظامِ شمسی اور نظام عضابی کا آپس میں گہرا تعلق ہے، اس لئے سیارگان کی کلمک شعاعیں ہمیں اور ہمارے امور کو متاثر کرتی ہیں، کیونکہ یہ برقی مقناطیس کی شعاعیں انسانی جسم کا احاطہ کئے ہوئے ہیں، اس لئے ہمارے خیالات، عادات و مزاج اوررنگ روپ پر اثر انداز ہوتی ہیں اور ہمارے جذبات میں بھی حرکات پیدا کرتی ہیں، تمام برج کے حالات اجتماعی نقطہ نظر سے پیش کئے جاتے ہیں، ستاروں کی یہ پوزیشن بے حد فائدہ بھی دیتیہے اور بعض اوقات بُری طرح متاثر بھی کرتی ہے، لیکن انسان ان کی پوزیشن بدلنے سے قاصر ہوتا ہے۔ ان کو نحوست ختم کرنے کے لئے واحد حل رجوع الہٰی اور صدقہ و خیرات سے بڑھ کر کوئی عمل نہیں ہے، اس سلسلے میں ہر سال کی طرح اس سال بھی قارئین کی خواہش کے پیش نظر سیاروں اور ستاروں کی پوزیشن اور حرکات سکنات 2019ء میں کیسی رہیں گی کا مکمل جائزہ پیش خدمت ہے۔

***

برج حمل۔۔۔سیارہ مریخ

21مارچ سے 20اپریل تک

نام کے پہلے حروف :ا،ل،ع،ی

جنوری سے لے کر مارچ تک کا عرصہ روزانہ کے حساب سے آپ کو ایک مشکل سے بحکم خدا نکالتا رہے گا، جس میں سب سے زیادہ پریشانی آپ کو روزگار کے حوالے سے تھی، جو لوگ کافی عرصے سے بے کار تھے، وہ اب روزگار پر لگ جائیں گے اور کاروباری حضرات کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوگا۔ کاروبار نئی وسعت اختیار کرے گا، جو معاملات پہلے نقصان دے رہے تھے، اب ان شاء اللہ وہی معاملات فائدے میں بدل جائیں گے، آپ کی اگر خواہش ہے کہ اپنے کاروبار کو بدل لیا جائے تو ان تین ماہ تو کم سے کم ایسا نہ کریں، آپ کو خود ہی اندازہ ہو جائے گا کہ آپ بحکم خدا ٹھیک تھے، جلد بازی نے کام خراب کیا، سابقہ نقصانات کا اس خوبصورت انداز میں ازلہ ہوگا کہ عقل حیران رہ جائے گی۔ جو لوگ خانگی امور میں مشکلات کا شکار تھے، ان کو پردہ غیب سے اس میں سے نکلنے کے واضح اسباب دکھائی دیں گے۔ وقت ہر لحاظ سے مہربان رہے گا، جس میں اولاد کے مستقبل کا فیصلہ بھی متوقع ہے، جس کو محسوس ہو رہا ہے کہ ان کے رشتے میں بندش تھی تو ان شاء اللہ زحل جو نحوست کا واحد ستارہ ہے، وہ جنوری کے شروع میں ہی اپنا مقام تبدیل کرکے آپ کو اس بندش سے نکلنے کی خوشخبری دے گا، بعض افراد کا تو من پسند جگہ رشتہ بھی طے ہوسکتا ہے، ویسے بھی عرصہ دراز سے جادو ٹونے بندش وغیرہ کے اثرات میں آئے ہوئے لوگ زحل کے مقام چھوڑتے ہی ان چیزوں سے مکمل آزاد ہو جائیں گے، جو لوگ بیمار ہیں وہ بحکم خدا اب تیزی سے شفایاب ہوں گے۔ جن کو سفر کا شوق ہے وہ بھی اپنا شوق پورا کرنے کے لئے ایک مرتبہ ضرور کوشش کرکے دیکھیں، اللہ تعالیٰ ضرور مہربانی فرمائیں گے۔ اپریل سے جون کا عرصہ بھی آپ کے لئے کافی اچھا اور خوشگوار رہے گا، اس عرصے میں نوکری پیشہ افراد کی تبدیلی کا واضح امکان ہوگا اور وہ چاہ کر بھی اپنی اس تبدیل کو روک نہیں سکیں گے، جبکہ کسی مقدمے انکوائری میں آئے ہوئے لوگ بآسانی مکھن میں سے بال کی طرح اس میں سے نکلنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ جیل میں بھی بند افراد کی رہائی ممکن ہوسکے گی، مخالفین خود ہی صلح کے لئے راضی ہو جائیں گے، یہ عرصہ ہر لحاظ سے بے حد شاندار رہے گا، لیکن دو مسئلے ایسے ہوں گے جن پر پورا خیال رکھنا ہوگا، ایک تو اپنے دل کے معاملات کو اپنے قابو میں رکھنے کی اشد ضرورت ہوگی، اگر کسی کو پسند کرتے بھی ہیں تو اس سے جتنا بھی ممکن ہوسکتا ہے، آپ احتیاط کریں۔ دوسری جانب رابطہ نہ ہو تو اچھا ہے ورنہ آپ کا راز کھل جائے گا، پھر جو آپ کے ساتھ ہوگا، وہ اللہ ہی بہتر جانتا ہے۔ رسوائی کا خطرہ اور قانونی معاملات کو بھی اس سلسلے میں نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

دوسرا مسئلہ روزگار میں جائز آمدن کا ہے ممکن ہے آپ کو ایسے مواقع ملیں، جن میں شاٹ کٹ کے ذریعے سے رزق کا حصول آسان ہو، آپ راتوں رات خاصے مال دار ہو جائیں،مگر آپ کی ناجائز آمدن آپ کے لئے وبال جان بن جائے گی۔ اس کے نقصانات کا اگر اشارہ بھی کردیا جائے تو آپ ذہنی مریض بن جائیں گے، اس لئے ان معاملات سے دور رہنے کا مشورہ دیا جارہا ہے، جولائی سے ستمبر کا عرصہ ستمبر سے قبل زیادہ بہترین نتائج دے سکتا ہے، جو لوگ سفر کے خواہشمند ہیں، اندرون و بیرون ملک وہ ایک دفعہ ضرور اپنی قسمت آزما کر دیکھیں۔ ان شاء اللہ کامیابی ملے گی۔ تعلیم کی عرض سے جانے والوں کو اس سے بھی زیادہ آسانیاں نصیب ہوں گی، یہ دن کاروباری حضرات کے لئے بڑے شاندار ہوں گے، عرصہ دراز کے بعد مشتری، عطارد اور شمس آپ کے زائچے میں اکٹھے ہوں گے، اس وجہ سے عزت اور شہرت کا حصول بے حد شاندار ہوگا، ہر وہ چیز بھی حاصل ہوگی جس کی عرصہ دراز سے خواہش کرتے آئے ہیں۔ کاروباری حضرات موجیں کریں گے البتہ اولاد کے حوالے سے تھوڑی سی تشویش رہے گی، تعلیمی لحاظ سے بھی اور وہ بچے جو نیٹ کا استعمال کرتے ہیں اور موبائل کونہیں چھوڑتے، یاد رکھیں اولاد پر آج کی سختی تمام عمر کے لئے آپ کے حق میں بہتر ہو جائے گی۔ لاپرواہی شدید بدنامی اور مشکلات کا سبب بنے گی، پھر آپ کو ماسوائے پچھتاوے کے کچھ حاصل نہیں ہوگا، اکتوبر سے دسمبر تک کا عرصہ آپ کو تبدیلیاں دے گا، اس میں روزگار میں تبدیلی (نوکری) اور کاروباری تبدیلی کے اشارے بھی موصول ہوں گے، بعض افراد ایک وقت میں دو جگہ نوکری بھی کرسکیں گے اور بعض اچھی آفر کی جانب جائیں گے۔ سب سے اہم بات یہ ہوگی، عطارد جس کو مال کا خانہ کہتے ہیں، یہ آپ کو غیر متوقع پیسے دلائے گا، جہاں رزق میں شاندار برکت ہوگی، وہاں پر غیرمتوقع پیسہ بھی زندگی میں آئے گا، اس لئے آپ پرائز بانڈ کی خریداری پر زور ضرور دیں اور یہ بھی ممکن ہے کہ جوائنٹ فیملی میں رہنے والے اب اپنے نئے گھر میں شفٹ ہو جائیں۔ گاڑی کا حصول بھی آسان ہوگا، ناراض بہن بھائیوں سے صلح کی اُمید بھی پیدا ہوگی اور وراثتی امور بھی احسن طریقے سے طے پاجائیں گے، بیماری بھاگ جائے گی، اولاد کی شادی وغیرہ کے سلسلے میں اہم اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ ان شاء اللہ مجموعی طور پر 2019ء کم سے کم 14سال کے بعد آپ کی زندگی میں بے حد شاندار بہتریاں لے کر آرہا ہے۔ آپ بس نماز کی پابندی پر توجہ دیں، ہر فرض نماز کے بعد ’’اللہ الحسیب‘‘ اور درود پاک 100مرتبہ پڑھ لیا کریں، اللہ تعالیٰ نے چاہا تو کوئی بھی مشکل باقی نہیں رہے گی، رزق ہی رزق ہوگا ان شاء اللہ۔

مزید :

ایڈیشن 1 -