برج ثور
21اپریل سے 21مئی تک
نام کے پہلے حروف: ب۔و
جنوری سے مارچ کا عرصہ پلاننگ کے ساتھ چلنے کا ہے، آپ کو اپنی اصلاح کر کے پرانے معاملات چھوڑ کر نئے سرے سے زندگی کا آغاز کرنا ہو گا۔ آپ اپنے فون نمبر تبدیل کر لیں، تا کہ پرانے رابطے اور پرانے تمام سلسلے آپ کو کسی طرح تنگ نہ کر سکیں۔ یاد رکھیں آپ نے ماضی میں جو غلطیاں کی تھیں، اب ان کو دوبارہ دہرانا آپ کے لئے سب سے زیادہ پریشان کن ہو گا۔ آپ برسوں بعد دوبارہ پھر اسی مقام پر پہنچ جائیں گے جہاں سے چلے تھے۔ کاروباری حضرات کو چاہئے کہ وہ اکیلے کام کرنے کی کوشش کریں، شراکت داری کو بڑے احسن طریقے سے ختم کرنے کی کوشش کریں، ورنہ دوسرا فرد کسی بڑے نقصان سے دوچار کر سکتا ہے۔ اکیلے کام کرنے میں آمدن کم مگر فائدہ تو اپنا ہی ہو گا۔ نوکری پیشہ افراد اپنے تمام معاملات اور امور کا ازسر نو جائزہ لے کر چلیں۔ یاد رکھیں کچھ مخالفین ایسے ہیں جو آپ کو ان کی سیٹ پر دیکھنا پسند نہیں کرتے ،وہ اپنی چالیں چلنے کی کوشش بھی کر سکتے ہیں۔ آپ کی جانب سے ہر بات کا جواب ان کو لا جواب کر سکتا ہے۔ یہاں پر چونکہ آپ کا برج عطارو اور مشتری پاور میں ہو گا، اس لئے وہ چاہ کر بھی آپ کو اپنی جگہ سے ہٹانے میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔ اس بات کا بھی خیال رہے کہ آپ نے ان دنوں اپنا کوئی راز کسی کے ساتھ شیئر نہیں کرنا، خصوصی طور پر فروری کا پورا ماہ جتنا بھی محتاط ہو سکتے ہیں ہو جائیں۔ روزگار کے حوالے سے بالکل پریشان نہ ہوں۔ میرے اللہ پاک نے جتنا نصیب میں لکھا ہے، وہ مل کر ہی رہے گا۔ ہمارے اعمال میں کمی یا زیادتی اس کی وجہ بنتی ہیں۔ اولاد کے حوالے سے بھی یہ دن بے حد اہم ہوں گے، اس عرصے میں ان کے لئے اہم فیصلے بھی لازمی کرنا ہوں گے ۔جو لوگ جوائنٹ فیملی میں رہتے ہیں، ان کے خانگی امور میں بگاڑ پیدا ہونے کے امکان کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ بس چند دن خاموشی سے اور غصے پر قابو رکھ کر چلنے کی اشد ضرورت رہے گی۔ ورنہ برسوں تک تعلقات کی خرابی کا امکان بھی ہے، پھر کچھ بھی نہ ہو سکے گا۔
اپریل سے جون کا عرصہ بھی اس سلسلے میں خبردار کر رہا ہے۔ آپ عقل سے کام نہیں لیتے، غصے میں قدم اٹھا لیتے ہیں، بعد میں پھر پچھتاوے رہ جاتے ہیں۔ اس لئے جو کام حکمت عملی سے ہو جائے وہ بہتر رہے گا۔ ورنہ بھائیوں کے درمیان جدائی پڑ جائے گی۔ یہاں پر مریخ کے علاوہ جوزا بھی زوال پذیر ہو گا۔ جو جوان اولاد کی سخت نگرانی کا مشورہ بھی دے رہا ہے۔ تعلیمی معاملات کو بھی اچھی طرح چیک کریں۔ جو لوگ بیرون ملک جانے کی سوچتے ہیں، وہ بغیر پیسہ دئیے کوشش کر سکتے ہیں، مگر کسی کو ایک روپیہ بھی دیا تو اس کی واپسی نا ممکن ہے۔ ویسے بیرون ملک جانے والا سیارہ بالکل بے بس ہے، وہ آپ کی اس سلسلے میں کوئی مدد نہیں کرے گا۔ اس میں ایک اہم پیش رفت قابل توجہ ہو گی کہ آپ پر چاہئے کتنا بھی سخت جادہ ٹونہ یا کسی چیز کا اثر کیوں نہ ہو وہ ٹوٹ جائے گا۔ آپ ایسی تمام چیزوں سے بحکم خدا مکمل طور پر آزاد ہو جائیں گے۔ جون میں ہونے والی پرائز بانڈ کی قرعہ اندازی میں حصہ ضرور لیں۔ جتنی بھی حیثیت ہے ان شاء اللہ بڑی امید ہے کہ آپ کو کسی بڑی رقم کا حصول ممکن ہو گا۔ جو لوگ بیماری کاٹ رہے تھے، وہ بھی ان شاء اللہ تیزی سے صحت یاب ہوں گے۔ جن کو کسی جانب سے بلاک رقم کی واپسی کی امید تھی، ان کی وہ امید بھر آئے گی۔ یہ دن ہر لحاظ سے شاندار ہوں گے۔ آپ کا اٹھایا ہوا قدم جو روزگار کے لئے ہو گا۔ وہ آپ کے لئے شاندار کامیابی لائے گا۔ جو لوگ اپنے رزق کے معاملات کو چیک نہیں کرتے جائز اور نا جائز کسی میں تمیز نہیں کر پاتے، اگر یہ اپنے معاملات ٹھیک کر کے چلیں گے تو ان شاء اللہ کسی بھی قسم کی آزمائش سے بچ سکتے ہیں۔ ورنہ قانونی معاملات سے نمٹنے کے لئے خود کو تیار کر لیں۔ انکوائری مقدمے وغٖیرہ کا اندیشہ رہے گا اور پھر مخالفین بھی آپ پر حاوی ہونے کی کوشش کریں گے۔
رزق حلال کمانے والوں کے لئے کوئی مشکل نہیں ہو گی اور جو لوگ عرصہ دراز سے بے کار بیٹھے ہوں گے۔ وہ بھی ان شاء اللہ اس دوران روزگار پر لگ جائیں گے قرض لینے اور دینے میں آسانی ہو گی، اپنوں کے ساتھ تعلقات میں بہتری آئے گی ،بعض افراد بیرون ملک سے واپس آئیں گے۔ یہ عرصہ ایک وقت میں دو جگہ سے رزق کے حصول کے لئے بھی اہم ہو گا۔ اس میں پورے 7 سالوں کی محنت کا پھل ملے گا اور عطارد اور مشتری کے حسین ملاپ سے آپ کو ایسا محسوس ہو گا۔ جیسے پیسہ برسات کی طرح برسنے لگا ہے۔ آپ کی پرانی سے پرانی خواہش بھی پوری ہو گی۔ آپ کو بغیر محنت کئے کسی پراپرٹی یا بڑی رقم کا حصول بھی آسان ہو گا۔ جو لوگ کسی کو پسند کرتے تھے اور دوسری جانب سے انکار ہوتا رہا ہے ان دنوں ان کی شادی والا ستارہ پوری پاور میں ہو گا۔ وہ من پسند جگہ شادی یا رشتہ کروانے میں کامیاب ہو جائیں گے، کاروباری حضرات کے لئے ان دنوں بس چاندی ہی چاندی ہے۔ مجموعی طور پر 2019ء آپ کے لئے بڑا شاندار ثابت ہو گا۔ بس رزق حلال پرزور دیں اور ایسے دوستوں کو بھی چھوڑ دیں جو غیر قانونی معاملات کا شکار ہیں، غصہ قابو میں رکھیں گے تو وہ بھی حاصل کر لیں گے جو برسوں سے چاہتے ہیں۔ نماز کی پابندی کے ساتھ 500 مرتبہ یا کریم کا ورد بے حد شاندار رہے گا۔ اِن شاء اللہ