برج جوزا

برج جوزا

  

22مئی سے 21جون تک

نام کے پہلے حروف: ق۔ک

اس سال جنوری سے مارچ تک کا عرصہ آپ کے لئے خاصا محنت طلب رہے گا، آپ جتنی محنت کریں گے اتنا ہی پھل ملے گا اور جو لوگ قسمت کو قصور وار ٹھہرا کر ہاتھ پر ہاتھ رکھے بیٹھے رہیں گے، ان کو واقعی کچھ بھی نہیں ملے گا، جنوری سے ہی عطارد زائچے میں آجائے گا اور دوسری جانب مریخ بھی شرارتیں کرے گا۔ عطار د کے زائچے میں آنے سے روزگار کے بند دروازے آپ پر کھل جائیں گے اور بحکم خدا وہ ذریعے بنیں گے کہ عقل حیران رہ جائے گی۔ یاد رہے کہ یہ صرف ان لوگوں کے لئے ہے، جو محنت پر یقین رکھتے ہیں، بے روزگار افراد اپنے کام پر لگ جائیں گے، نوکری پیشہ افراد کی ترقی ہونے کا امکان ہے اور اگر ان کی ترقی میں کوئی رکاوٹ تنگ بھی کررہی تھی توآپ خود ہی دیکھیں گے کہ وہ کیسے غیبی انداز میں ہٹے گی ۔ اسی طرح مریخ جو لڑائی جھگڑے، فتنہ و فساد پھیلانے والا ستارہ ہے، یہ اپنی کارستانیوں میں تیزی لائے گا اور اپنوں سے جدائی دلانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ آپ کی حکمت عملی اور غصے پر قابو ہی ان معاملات کو خرابی سے بچا سکتے ہیں، یہ دن قانونی معاملات سے دور رہنے اور کسی دوست کا بھی اس معاملے میں ساتھ نہ دینے کا مشورہ ہے۔

یاد رہے کہ رزق حلال کمانے والے بچ جائیں گے، جبکہ ناجائز آمدن والے بُری طرح قانونی مسائل کا شکار ہوسکتے ہیں۔ یہ وہ وقت ہوگا جب نیا طے شدہ رشتہ بھی ٹوٹنے کا امکان ہوگا اور بعض میاں بیوی کے ازدواجی معاملات میں بھی خرابی کا اندیشہ رہے گا۔ اولاد کے حوالے سے یہ دن بڑے اہم ہوں گے، ان کو حکمتِ عملی سے چلانے کی اشد ضرورت رہے گی، غصے سے وہ باغی ہو کر کوئی بھی ناجائز قدم اٹھا سکتے ہیں، پھر آپ کے ہاتھ میں کچھ نہیں رہے گا، اپریل سے جون تک کا عرصہ خوشگوار تبدیلی لے کر آئے گا، اِن شاء اللہ اور آپ کی تمام سابقہ پریشانیوں کا ازالہ بھی ہونے کا امکان موجود ہے۔ جو لوگ عرصہ دراز سے بے کارہوں گے وہ کام پر لگ جائیں گے اور جن کے کاروبار میں سخت بے برکتی تھی،میزان کے مشتری میں آجانے سے وہ اِن شاء اللہ برکت میں بد ل جائے گی۔ جو لوگ بیرون ملک روزگار کے لئے جانا چاہتے ہیں، وہ بھی پیش قدمی کرسکتے ہیں، چونکہ قمر چمک رہا ہوگا، اس لئے یہ ممکن ہے کہ ان کے باہر جانے کے راستے میں کوئی بھی رکاوٹ نہیں آئے گی، یہاں پر بیرون ملک میں چھوٹے سفر پیش آئیں گے، برسوں سے شادی کے انتظار میں بیٹھے ہوئے لوگوں کی شادی یا رشتے کی بات طے ہو جائے گی۔ بے اولاد جوڑے کو بھی بحکم خدا اولاد کی خوشخبری ملے گی۔

جولائی سے ستمبر تک کا عرصہ ان لوگوں کے لئے وارننگ لے کر آرہاہے،جو دل لگی میں لگے ہوئے ہیں ان کو نہ تو اپنی عزت کا خیال ہے نہ دوسروں کی عزت کا، صرف شرارتیں کرتے رہتے ہیں۔ وہ چاہے فون پر ہو یا نیٹ پر یا ملاقات کی صورت میں ہر صورت میں نقصان ہی ہوگا،جبکہ شدید رسوائی کے اندیشے کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا،بعض لوگوں کو اس حوالے سے جیل کی ہوا بھی کھانا پڑسکتی ہے، یہاں پر تو وہی مثال ہوگی کہ یا تو جیل میں یا پھر ریل میں، اب آگے آپ خود سمجھدار ہیں، باقی تمام معاملات ان دنوں بڑے خوبصورت انداز میں چلیں گے، اس دوران زحل اور عقرب دونوں زوال پذیر ہو جائیں گے، جس سے آپ کو یہ فائدہ ہوگا کہ آپ کے ہر کام میں آنے والی رکاوٹیں خود بخود ہٹ جائیں گی اور جس بھی نیت اور مقصد کو لے کر قدم اٹھائیں گے، اِن شاء اللہ کامیابی آپ کے قدم چومے گی، جو لوگ خود کو جادو ٹونے وغیرہ کا شکار محسوس کررہے ہیں، بحکم خدا وہ بڑے خوبصورت انداز میں اس سے نکلنے میں کامیاب ہو جائیں گے، خانگی مسائل ختم ہوں گے، بعض افراد کے آپسی رشتے بھی طے ہو سکیں گے، یہ دن اولاد کے مستقبل کے حوالے سے بہت اہم ہوں گے، غیبی انداز سے مدد ملے گی اور جس بات کا خوف دل میں سوار ہوگا، وہ نکل جائے گا۔ روحانی قوتیں بحکم خدا پوری طرح ساتھ رہیں گی، اکتوبر سے دسمبر کا عرصہ ملی جلی کیفیت والا ہوگا۔ اس میں صلہ صرف محنت کرنے پر ہی ملے گا۔

اولاد قدرے باغی دکھائی دیتی ہے، اس لئے شروع سے ہی ان معاملات پر نظر رکھنے کی اشد ضرورت رہے گی، جو لوگ ایسا نہیں کریں گے، ان کو سخت پچھتاوا ہوگا۔ کاروباری لحاظ سے بدنظری کا امکان رہے گا، اس لئے کس چیز میں فائدہ ہو رہا ہے کہ معاملات چل رہے ہیں، اس کو صرف اپنے اندر تک ہی محدود رکھیں، نظر لگنے کی صورت میں روزانہ ’’سورۂ قلم‘‘ کی آخری دو آیات پڑھا کریں اورخود بھی کوشش کریں کہ نمائش سے دور رہا جاسکے۔ یاد رکھیں کہ آپ کا زیادہ بولنا ہی آپ کے لئے وبال بن جائے گا، گھریلو ماحول میں کشیدگی کا امکان رہے گا، اپنوں کے ساتھ رشتے کے حوالے سے اختلافات ہونے کے چانس زیادہ ہیں۔(ن) والے ناموں سے دور رہا جائے، نومیر کا پورا عرصہ احتیاط طلب ہے غیر قانونی کاموں سے دور رہیں اور رزق حلال پر زور دیں، جن لوگوں نے کاروبار میں شراکت کررکھی ہے، ان کو الگ ہو جانے کا مشورہ ہے، وہ اپنے تمام معاملات کا جائزہ بھی لیں، البتہ جو لوگ بے قصور جیل میں بند ہیں، وہ رہا ہو سکیں گے، 13نومبر کو تین خوبصورت ستاروں کا ملاپ بھی ہوگا، جو آپ کو ہرقسم کے مقدمے اور انکوائری سے نجات دلائے گا اور ملازمت پیشہ افراد کو ترقی کا چانس بھی ملے گا۔ ڈوبی ہوئی رقم کی واپسی اور بعض افراد کو پرائز بانڈ کے ذریعے رقم ملنے کی اُمید بھی دکھائی دیتی ہے۔ مجموعی طور پر 2019ء آپ کے لئے اس صورت میں مناسب سال رہے گا، جب آپ محنت پر یقین رکھیں گے، ناجائز رزق سے اور عشق و محبت جیسے معاملات سے دور رہیں، نماز کی پابندی ضروری ہے، روزانہ 450 مرتبہ ’’حسبنا اللہ و نعیم الوکیل‘‘ کا ورد ہر مشکل سے محفوظ رکھ سکے گا، اِن شاء اللہ۔

مزید :

ایڈیشن 1 -