برج سرطان
۔۔۔سیارہ قمر(چاند)
22جون تا21جولائی
نام کے پہلے حروف: ح،ہ
جنوری سے مارچ تک کا عرصہ آپ کو نئے چانس دینے کے لیے بحکم خداتیار ہے۔ مناسب پلاننگ کرلیں اور ملنے والے ان چانسز کو ہاتھوں سے نہ جانے دیں،اگر سمجھ نہیں آرہا۔ تو پھر استخارے کی مدد لیں اس سے ان شاء اللہ مناسب راستے کا تعین ہوسکے گا اور جو نقصانات ماضی میں ہوچکے ہیں ان کا بھی ازالہ ہو جائے گا۔ ایک تو پرانے تعلقات کو استعمال میں لانے کا وقت ہے۔ ان پر زور دے کہ آپ اپنے لئے الگ سے ایک خوبصورت سلسلہ بنا سکتے ہیں۔ یہ پہلے تین ماہ بڑے اہم ہیں۔اگر قسمت نے ساتھ دیا تو آپ ماضی والی پوزیشن پر بحکم خدابحال ہوجائیں گے اور پیسوں کی برسات ہونے لگے گی۔ تعلقات الگ سے بنیں گے۔ جن لوگوں نے ماضی کی غلطیوں سے سبق نہیں سیکھا ہوگا، وہ خود اپنے ہاتھوں اپنا مستقبل تباہ کرلیں گے، بیماری سے نجات ملے گی۔ زندگی میں کسی نئی شخصیت کی آمد کا امکان رہے گا۔ بیرون ملک یا سفر سے فائدہ ملے گا، مبارک سفر کا امکان بھی رد نہیں کیا جاسکتا، جو لوگ کسی بندش وغیرہ کا شکار تھے، وہ 15 جنوری سے ہی اس میں سے نکل جانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ پھر وہ کاروبار پر بندش ہو یا رشتے پر یا پھر صحت پر ان شاء اللہ تمام مسائل حل ہوجائیں گے، مگران کے لئے باربار یہی کہا جارہاہے کہ نیت کو درست رکھنا بے حد ضروری ہے۔ نمازکی پابندی لازمی کریں اور 1000 مرتبہ لفظ ’’اللہ‘‘ اور فارغ وقت میں درود شریف کاورد کریں، ان شاء اللہ کامیابیاں آپ کی قسمت میں لکھ دی جائیں گی۔
اپریل سے جون کا عرصہ آپ کے لئے سخت محنت طلب ہوگا۔ اس میں ہر کام حکمت سے کرنے کی اشد ضرورت ہوگی۔ ادھار مانگنے والے بھی پریشان کرسکتے ہیں اور کاروباری معاملات بھی تنگ کرسکتے ہیں۔ آپ کو ایک ایک قدم پھونک پھونک کر رکھنے کی اشد ضرورت ہوگی۔ اس دوران حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہوگی۔ آپ ادھار میں رقم نہ لیں۔ بس ان دنوں اتنا ہی کام کریں۔ جتنا بغیر کسی مدد کے آپ آسانی سے کرسکتے ہیں۔ بہن بھائیوں کے تعلقات کو بہتر رکھنے کے لئے آپ کو مناسب پلاننگ سے چلنا ہوگا۔ وراثتی امور کو ہرگزنہ چھیڑیں اور رقم وغیرہ کے حوالے سے ان کو تنگ بھی نہ کریں، ورنہ وہ آپ کے مخالف ہو جائیں گے۔ ویسے بھی ان دنوں سازشی لوگ اپنے کام میں لگے ہوئے ہوں گے، اس لئے ہوشیار رہنے کا مشورہ ہے۔ سمجھ لیں کہ اپریل سے جون کا عرصہ ایک آزمائش ہے، جس میں سے آپ نے بڑے خوبصورت انداز میں اللہ پاک کو یاد کرتے ہوئے نکلنا ہے۔ جولائی سے ستمبر کا عرصہ آپ کی مشکلات میں ایک بار پھر کمی لانے کا سبب بنے گا۔ اس میں مشتری 27 درجے پر ہو گا اور شمس 25 درجے پر جو کسی بھی ستارے کی بہترین پوزیشن ہوتی ہے۔ اس کے اثرات آپ کو سابقہ مسائل سے نکلنے میں بے حد مددگار ہوں گے۔ ان تمام تر نحوستوں کا خاتمہ ہوجائے گا۔ جو اس عرصے میں آپ کو تنگ کررہی تھیں، آپ کسی بندش کا شکار کیوں نہ ہوں یا حسد کرنے والوں کی نظر میں کیوں نہ ہوں، اللہ نے چاہا تو اس سے نکل جائیں گے، جس میں پہلے تین ماہ مبتلارہے ہیں۔ یہ دن اب آپ میں ایک نئی روح پھونک دیں گے اور پھر آپ کو روزگار سے لے کر صحت تک کے تمام امور میں غیر متوقع فائدہ ہو گا۔ اس دوران اپنوں کے درمیان اپنوں کارشتہ طے ہوگا۔ روزگار میں غیر متوقع فائدہ ہوگا اور جس طرف اللہ پاک کا نام لے کر قدم اٹھائیں گے، میرے اللہ نے چاہا تو اس میں کمال انداز میں کامیابی ملے گی۔ یہاں پرانی پراپرٹی کے حصول کے امکان کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا اور ایسی دولت بھی ہاتھ لگے گی، جس پر آپ کا اپنا حق نہیں ہوگا۔ ملازمت پیشہ افراد کو بہترین پوزیشن پر کام کرنے کا موقع ملے گا۔
اکتوبر سے دسمبر کاعرصہ مخالفین سے بچ کرچلنے کا ہے۔ اس میں وہ آپ کی موجود پوزیشن کو چینج کرنے کے چکروں میں بھی ہوں گے۔ بعض تو باقاعدہ طور پر بندش وغیرہ کے چکروں میں بھی پڑسکتے ہیں، اس لئے آپ روحانی معاملات کو بھی ساتھ لے کرچلیں گے تو کامیاب رہیں گے۔ سورۂ حشر کی آخری تین آیات صبح شام لازمی پڑھ لیا کریں، اس سے بے شمار فائدے حاصل ہوں گے، جولوگ بیماری کی وجہ سے عرصہ دراز سے پریشان تھے۔ ان شاء اللہ اب ان کو تیزی سے شفاء ملنا شروع ہوگی۔ اکتوبر خاص طور پر مہربان ثابت ہوگا، اس میں بے شمار رقم کا حصول بھی ممکن ہوگا۔ ممکن ہے کہ آپ مبارک سفر کا پروگرام بھی بنا لیں۔ بے اولاد جوڑے اولاد کی خوشخبری سن سکیں گے، جن لوگوں کو الگ الگ گھر کی خواہش ہوگی۔ اللہ پاگ نے چاہا تو وہ پوری ہوگی اور جن کی گھریلو زندگی مسائل کا شکار تھی۔ ان شاء اللہ ان کے لئے پردۂ غیب سے ایسے سلسلے بنیں گے کہ وہ حیران رہ جائیں گے۔ یہ دن بڑے شانداز ہوں گے۔ اللہ نے چاہا تو پورے سال پربھاری بھی، آپ جس مقصد کے لئے پیش قدمی کریں گے، اس میں کامیابی ملنا مقدر ہوگی۔ ایمانداری سے چلتے رہیں تو2019 ء کے آخری ماہ آپ کی زندگی بدل دیں گے۔ پھر ان میں جو اقدامات ہوں گے۔ وہ آنے والے سات سالوں پر بھاری ہوں گے۔ آپ کا 2019 ء مجموعی طور پر بڑا اچھا رہے گا۔ وہ مسئلے حل ہوں گے جو 2009 ء کے بعد بلاک ہوکر رہ گئے تھے۔ بڑی تعداد میں غیر متوقع پیسہ ملے گا۔ اولاد کی خوشیاں نصیب ہوں گی او ر قانونی معاملات وٖغیرہ سے نجات ملے گی۔ باوضو رہنے کی کوشش کریں ’’یامومن یا سلام یااللہ‘‘500 بار روزانہ پڑھنا اپنا معمول بنالیں۔