برج سنبلہ

برج سنبلہ

  

۔۔۔سیارہ عطارد

22اگست تا21ستمبر

نام کے پہلے حروف: پ۔ و

جنوری سے ہی عطاردزائچے میں چمکتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ جو آپ کی مالی مشکلات میں واضح کمی کرنی شروع کردے گا، اس سے گھر کا سسٹم بھی چل پڑے گا اور جہاں جہاں سے رقم اُدھارلی ہوئی ہے۔اس کی واپسی بھی شروع ہوگی، آپ بس محنت پر یقین رکھیں اور روزگار کے حوالے سے جو بھی آفر ملے اس کو اللہ پاک کا نام لے کر پکڑلیں۔یہ دن کاروباری لحاظ سے بھی بڑے اچھے ثابت ہوں گے۔ جولوگ اپنے کاروبار کو تبدیل کرنے کا سنجیدگی سے سوچ رہے ہوں گے اس کے علاوہ جو لوگ عرصہ دراز سے نوکری کی تلاش میں تھے۔ ان کا کسی بھی جگہ سبب نہیں بن پارہاتھا۔ جنوری سے مارچ کا عرصہ ان کی زندگی میں برسوں کے بعد خوشیاں لے کر آیا ہے۔ ان کا نہ صرف روزگار لگے گا بلکہ بڑا ہی شاندار سسٹم بن جائے گا۔ جو عرصہ دراز تک ان کے لئے خوشیوں کا سبب بنے گا۔ اپریل سے جون کا عرصہ تھوڑا ساآزمائشی ضرور ہے، مگر اس میں بھی نقصانات ہونے کے امکانات کم ہیں۔ البتہ اپنے طور پر جتنی بھی احتیاط برتی جائے اتنا ہی بہترہے، آپ کو ایک مشورہ یہ بھی ہے۔کہ آپ 11 بار درود ابراہیمی روزانہ 7 بار سبحان اللہ 100 بار الحمدللہ100 بار یاحیی یاقیوم،100 بارپہلا کلمہ پھر11 بار درودابراہیمی روزانہ صبح وشام ان دنوں میں پڑھنا اپنا معمول بنالیں اور کسی غیر پر ہرگز اعتبار نہ کریں اور نہ کسی کو ان دنوں میں ادھار میں رقم دیں، ورنہ واپسی کے امکانات کم ہیں۔ مئی میں دوبارہ آپ کو اپنے کام میں تبدیلی کا موقع ملے گا، اگر آفر اچھی لگے تو ضرور اس کو دیکھیں، ان دنوں تبدیلی کرنا ہر لحاظ سے بہترہی رہے گا،جو لوگ باہر جانے کے خواہشمند ہیں وہ اپنی قسمت ویسے ہی آزمائیں، اس سلسلے میں کسی کو ایک روپیہ بھی مت دیں واپسی نہیں ہوگی، یہ وارننگ ہے۔

والدین کی صحت کا بھی خیال رکھیں اور اس بات کا بھی خیال رہے کہ دوستی گھر سے باہر اچھی لگتی ہے۔ دوستی کو اپنے گھر کے اندر نہ لائیں اس سے عزت کا مسئلہ پیدا ہونے کا بھی اندیشہ ہے۔ یاد رکھیں کہ اس دوران پیسہ کمانے کے لئے کسی بھی قسم کے شاٹ کٹ راستے کو اپنانے کی کوشش آپ کو جیل کے پیچھے لے کرجاسکتی ہے۔ آپ کو کوئی لائچ وغیرہ دینے کی کوشش بھی کرے گا اولاد کے حوالے سے آپ نے ان دنوں کچھ فیصلے بھی لینے ہیں، یاد رکھیں کہ اب اولاد کے حوالے سے آپ کی من مانی شاید نہ چلے اور ایک بات ان دنوں خاص طور پر ذہن نشین رہے کہ دوسروں کے معاملے سے دوررہناہے،جس میں ذراسابھی ناجائز شک ہو۔ جولائی سے ستمبر کا عرصہ ملی جلی کیفیت کا حامل ہوگا اس میں مالی طور پر تو اچھے فائدے مل سکتے ہیں۔ غیر متوقع طور پر رزق کا حصول ممکن ہوگا اور اللہ تعالیٰ نے چاہا تو ایسے ذریعے سے رزق آئے گا کہ عقل حیران رہ جائے گی۔ آپ ان دنوں رات کی بچی ہوئی روٹی کے ایک کنارے پر تھوڑا سا نمک لگاکر اسے صبح کے وقت کھا کر گھر سے نکلاکریں، ان شاء اللہ جس مقصد کے لئے بھی قدم اٹھائیں گے اس میں کامیابی ملے گی۔ جو لوگ نحوست کا شکار ہیں یاکسی چیز کے زیراثر ہیں۔ وہ بھی اس عمل سے ان چیزوں سے نجات حاصل کرلیں ۔

اگست میں بیرون ملک سے ایک آفر آنے کی امید ہے جو بہترین رہے گی اور خواہشمند افراد کے رشتے کی بات بھی طے ہونے کا امکان روشن ہے۔ وہ بھی من پسند جگہ پر۔ بعض افراد کے لئے بڑی رقم کا حصول بھی ممکن ہوگا اس دوران پرائز بانڈ کی خریداری کرنا بھی بہترین رہے گا۔ اکتوبر سے دسمبر کا عرصہ آپ کے پورے سال کی مشکلات کو ختم کرنے کے لئے اللہ کے حکم سے سب سے زیادہ مددگار ہوگا۔اس میں آپ کی زندگی کے 22 برسوں کے بعد چار برج ایک مقام پر اکٹھے ہورہے ہیں، اگرایسا ہوا تو انسان ویسے ہی بادشاہ بن جاتا ہے۔ آپ اپنے احباب میں ان شاء اللہ بادشاہ ہی ہوں گے، اس صورت حال میں آپ مٹی میں بھی ہاتھ ڈالیں گے تو وہ بھی سونا بن جائے گی، جس کام یا کاروبار کو شروع کریں گے وہ آسمان سے باتیں کرے گا۔ عزت،دولت، شہرت کا حصول آسان ہوگا،جولوگ کبھی آپ کا ساتھ چھوڑ گئے تھے، وہ واپس زندگی میں آجائیں گے۔ مطلب پرست لوگ بھی اردگرد جمع ہو جائیں گے۔ آپ کی زندگی کے یہ بہترین دن ہوں گے، مگر اس میں آپ کے دل کا کردار سب سے زیادہ اہم ہوگا، اگر مناسب سمت میں رہا پھر تو وارے نیارے، کیونکہ آپ کا دل بے قابوہی رہتا ہے اور آپ اس کے غلام بھی ہیں، آپ میں سب سے بڑی کمزوری بھی یہی ہے۔ آپ خود سمجھدار ہیں۔ مجموعی طور پر 2019 ء آپ کے لئے بہترین سال ہے جو برسوں کے بعد آپ کی قسمت بدلنے میں ان شاء اللہ اہم کردار ادا کرے گا،جولوگ اپنے دل کو قابو میں رکھنے میں کامیاب رہے اور ہر طرح سے اپنی نیت ٹھیک رکھی ان کے لئے بڑی کامیابی ہے۔ نماز کی پابندی تو کرنی ہی ہے ساتھ میں ’’یاحیی یاولی یا حفیظ یافتح‘‘ بھی کثرت سے ضرور پڑھا کریں۔

مزید :

ایڈیشن 1 -