برج میزان

برج میزان

  

 سیارہ زہرہ

21 ستمبر سے21 اکتوبر تک

نام کے پہلے حروف : ر۔ت ۔ط

جنوری سے مارچ تک کا عرصہ ساڑھے سات سال کے بعد سب سے اہم ہے۔ کیونکہ آپ کی ساڑھے سات سالہ بندش کا اب خاتمہ ہوا ہے۔ اس کے 90 دنوں کے بعد اثرات مکمل طور پر زائل ہوتے ہیں، لہٰذا آپ کو 90 دن یعنی مارچ تک بڑے محتاط انداز میں چلنا ہے۔ بحکم خدا اب نقصان نہیں ہو گا، مگر کیفیت چلتی رہے گی۔ اس میں آپ کو بس یہ محسوس ہو گا جیسے ابھی کچھ ہونے والا ہے، مگر کچھ نہیں ہوگا۔ البتہ ذہنی سکون کے لئے آپ صدقے کا عمل حسب توفیق جاری رکھیں اور 1000مرتبہ’’اللہ‘‘کا روزانہ ورد کریں اور 500 بار درود ابراہیمی بھی پڑھیں، میرے اللہ نے چاہا تو اس ٹینشن کے دور سے نکل جائیں گے۔ یہ وقت 27 مارچ تک جاری رہے گا۔ اس دوران کسی اور بڑے پیسوں والے کام میں ہاتھ نہ ڈالیں اور سب سے زیادہ مضبوط گرفت آپ کو اپنی اولاد پر رکھنی ہے۔ اس معاملے میں ذرا سی بھی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔27 مارچ گزر جائے، پھر سب اچھا ہی اچھا ہے۔ اپریل سے جون کا عرصہ صورت حال کو بدلنا شروع کر دے گا، کیونکہ زحل کے اثرات مکمل طور پر ختم ہو چکے ہوں گے، اب ستارے 11درجے پر اپنا سفر دوبارہ شروع کریں گے۔ اس لئے ہر چار دن کے بعد ایک بہتری ملے گی۔ اس طرح جب ستارے 29 درجے پر چلے جائیں گے تو زندگی کی تمام مشکلات کم سے کم ہو جائیں گی اور پھر 22 سال تک نہیں آئیں گی۔ یہاں پر سب سے پہلے اپریل میں ہی اولاد کے حوالے سے شاندار خبر ملے گی۔ ان کی تعلیم شادی وغیرہ اور اس سلسلے میں اور بھی جو پریشانیاں تھیں، وہ تیزی سے کم ہو جائیں گی، جو لوگ خود یا اولاد کی شادی وغیرہ میں بندش محسوس کر رہے تھے، وہ قدرت کا پیارا سا نظارہ کریں گی کہ اللہ اپنے بندوں پر کس قدر مہربان ہے۔

دوسرا فیصلہ آپ کے روزگار کا ہے۔ یہ سلسلہ پہلے جیسا بھی تھا،اب اس میں مکمل طور پر تبدیلی آئے گی۔ جہاں آمدن 100روپیہ تھی وہاں1000روپیہ ہو جائے گی۔ بشر طیکہ اس میں سے 2 فیصد آپ اللہ کی راہ میں دیتے رہیں، جو لوگ عرصہ دراز سے اپنے روزگار کے حوالے سے سخت پریشان تھے ان کو خوشیاں ملیں گی۔ چاہے وہ نوکری پیشہ ہوں یا پھر کاروباری چونکہ ان دنوں عطارد زائچے میں ہوگا، اس لئے ہر لحاظ سے آمدن بڑھے گی اور اللہ کے حکم سے غیر متوقع پیسہ بھی آئے گا۔ یہاں پر بات صرف ضرورت پوری ہونے تک محدود نہیں رہے گی۔ اس سے اْوپر جائے گی، پراپرٹی کا حصول بھی ممکن ہوگا، میزان میں زحل جون کے آخر میں آئے گا۔ یہ نوجوان نسل کے لئے امتحان سے کم نہیں ہوگا۔ یاد رکھیں جو شخص اپنے آپ کو بشر کے جامے میں رکھے گا۔ وہ دنیا میں بھلائی حاصل کرے گا اور آخرت میں بھی۔ دل پر کس طرح لگام ڈالنی ہے۔ یہ آپ کو معلوم ہے۔ توبہ کا دروازہ تو ہر وقت کھلا رہتا ہے، مگر بار بار توبہ کرنا اس کی اہمیت کو کم کردیتا ہے۔آگے آپ خود سمجھ دار ہے، جولائی سے ستمبر کا عرصہ مستقبل کی پلاننگ کے حوالے سے بے حد شاندار رہے گا۔ اولاد کا سکھ بھی نصیب ہوگا۔

جو لوگ عرصہ دراز سے قانونی مسائل کا شکار چلے آرہے ہیں، وہ بحکم خدا ان سے نجات حاصل کرنے میں کامیاب رہیں گے۔ البتہ اپنوں سے اختلافات کا خانہ کافی کمزور رہے گا۔ جس سے مراد خانگی امور، بہن بھائیوں سے اختلافات اور منگنی وغیرہ کے ٹوٹنے کے خطرات بہت زیادہ ہوں گے۔ یہاں مشورہ یہ ہے کہ آپ کا غصہ جتنا کم ہوگا۔ اس معاملے میں نقصان بھی اتنے ہی کم ہوں گے اور چھوٹی موٹی باتوں کو ہر صورت میں نظر انداز کرنا پڑے گا۔ بیمار افراد کا خیال رکھنا ہو گا۔ جس میں خواتین کی صحت کے امور خاص طور پر غور طلب ہیں۔ جو لوگ صدقے کے علاوہ رجوع الٰہی سے کام لیتے رہیں گے، وہ محفوظ ہیں، ویسے بھی سب سے بڑا وظیفہ دعا ہی ہے۔ اکتوبر سے نومبر کا عرصہ بھی روحانی سلسلے میں تیزی کا مشورہ دے رہا ہے، آپ کو اپنے اندر کی میل صاف کر کے صرف ایک اللہ کے ہو کر چلنا ہو گا۔ آپ کا ستارہ ویسے بھی ایسا ہے کہ ذرا سی بھی دوری اختیار کی ساتھ ہی مشکلات نے گھیرے میں لے لیا، میں نہیں سمجھتا آپ کسی مشکل کو گلے لگانا پسند کریں گے۔ یاد رکھیں کہ اس وقت بھی آپ پر کسی قسم کا کوئی جادو ٹونہ وغیرہ نہیں ہے۔ یہ سب آپ کا وہم ہے۔ اگر کسی وجہ سے رکاوٹ آئی بھی ہے تو ادھر اْدھر بھاگنے کی بجائے صرف استخارے کی مدد لیا کریں، نماز اور صبر سے کام لیا کریں، آپ کی کامیابی کا 90 فیصد دارومدار نماز میں ہیں، باوضو رہنے کی کوشش بھی لازمی کریں۔ 2019ء آپ کی ساڑھے سات سالہ قید سے آزادی کا سال ہے۔ اب ان شاء اللہ 22 سال تک ایسی کوئی مشکل دوبارہ آپ کو تنگ نہیں کرے گی۔ آپ کو بس اپنے تمام نا جائز معاملات کی درستگی کرنا ہے اور معافی مانگناہے۔ آپ کو چاہیے کہ یہ دعا کیا کریں کہ اسے اللہ جو میرے حق میں بہتر ہے، وہ فیصلہ صادر فرما دے اور روزانہ ’’یاحیی یاقیوم‘‘کا ورد 500 بار ضرور کر لیا کریں، اللہ مہربانی کرے گا۔

مزید :

ایڈیشن 1 -