برج عقرب

برج عقرب

  

 ،سیارہ مریخ

21 اکتوبر سے 21 نومبر تک

نام کے پہلے حروف= ن۔ ذ۔ ض۔ ظ

جنوری سے مارچ کا عرصہ تھوڑا سا آزمائشی رہے گا۔ اس وقت تک عقرب والوں کو صبرکا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑنے کا مشورہ ہے۔ جیسے تیسے ان دِنوں کو گزار لیں ان شاء اللہ اس کے بعد سب اچھا ہو گا۔ ان دِنوں میں اللہ نے چاہا تو کسی بھی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوگا۔ البتہ یہ مشورہ ہے کہ غیر قانونی کام سے دور رہا جائے، چھوٹے موٹے کاموں میں رسک نہ لیں اور خود کسی یار دوست کی مدد اُس وقت تک ہی کریں جب کام جائز ہو ،اگر ذرا سا بھی خطرہ نظر آئے تو فوری طور پر پیچھے ہٹ جائیں، اِس دوران آگے بڑھنے کے لئے کسی بھی قسم کا شاٹ کٹ راستہ اختیار نہ کریں ورنہ قانون کے شکنجے میں آجائیں گے۔ خواتین اور بچے اپنی صحت کا ہر ممکن خیال رکھیں، کسی بھی بیماری کو معمولی سمجھ کر نظر انداز نہ کریں۔ حالات کے مطابق قدم اٹھائیں، یاد رکھیں کہ آپ کو بس احتیاطی معاملات کرنے ہیں اور کچھ نہیں۔ البتہ پیسوں کی ضرورت آپ کو جتنی بھی ہوگی اتنی رقم آپ کو ملتی رہے گی۔ ضرورت سے زیادہ پیسہ فی الحال ملنا ابھی ناممکن ہے۔ اولاد کی جس قدر بھی ممکن ہو نگرانی کریں،ان کو موبائل فون نہ دیں اور نہ ہی اکیلے نیٹ پر بیٹھنے کی اجازت دیں ورنہ بہت سے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں، جونہی مارچ ختم ہو گا تو اپریل کی ابتدا سے ہی صورتِ حال بحکم خدا آپ کے حق میں تبدیل ہو جائے گی،جو عرصہ دراز سے آپ کے لئے وجۂ تنگی بنے ہوئے تھے۔سب سے پہلے آپ کی ضرورت پوری ہوگی اور وہ ضرورت ہے پیسہ ان نشاء اللہ روزگار کے بند دروازے آپ پر کھل جائیں گے، جن کے بارے میں کبھی تصور میں نہ تھا۔

اللہ پاک فرماتے ہیں کہ مَیں تم کو اس ذریعے سے رزق دوں گا، جس کا تم کو گمان بھی نہ ہو گا۔ تو سمجھ لیں کہ اپریل سے ہی قسمت مہربان ہو گی اور جو لوگ طرح طرح کی بیماریوں میں مبتلا تھے ان پر کوئی دوائی اثر نہیں کر رہی تھی۔ وہ اب بحکم خدا تیزی سے شفاء یاب ہوں گے۔ ان پر تو اب سادہ پانی کا بھی اثر تیزی سے ہو گا۔ کاروباری حضرات کے لئے گولڈن ٹائم شروع ہوگا۔ برسوں انہوں نے اِس انتظار میں گزارے کہ کب ان کے دن بدلیں گے، اب اللہ نے چاہا تو ان کے دن بدلنا شروع ہوں جائیں گے، سابقہ تمام نقصانات کا ازلہ بھی ممکن ہو گا۔ بس ان دِنوں شرکت داری کا خیال رکھیں اور اپنے کام پر پوری نظر رکھیں۔ لمحہ کے لئے بھی کسی کا اعتبار نہیں کرنا اللہ تعالیٰ نے چاہا تو نئی سواری کی خریداری بھی ممکن ہو گی اور اولاد کے مستقبل کے بارے میں شاندار خبر ملے گی، جو لوگ جس جس کام میں جتنی محنت کر سکتے ہیں ان دِنوں میں ضرور کریں، رزلٹ اسی دن شام تک موصول کر لیا کریں۔ اولاد کی شادی یا منگنی کی بات طے ہو سکتی ہے،جن پر کسی ہوائی چیز کا اثر تھا اب اس کا بھاگنا آپ خود دیکھیں گے ان شاء اللہ۔ جولائی سے ستمبر کا عرصہ توڑا سا مشکل ہو سکتا ہے، اِس دوران دو نحوست والے ستارے چند روز کے لئے آپ کے زائچے میں قیام کریں گے ان کی نحوست سے بچنے کے لئے آپ دُنیا سے گزرے ہوئے بزرگوں کے لئے روزانہ تھوڑا سا قرآن پاک پڑھ کر بخش دیا کریں اور خود ہفتے میں ایک بار دو لوگوں کو کھانا کھلا دیا کریں، اللہ نے چاہا تو کسی نحواست کا اثر آپ کو تنگ نہیں کر سکے گا۔ یہ دِن روزانہ کے حساب سے اللہ پاک سے خیرو عافیت مانگنے کے ہوں گے، نیت نیک رکھیں ان شاء اللہ سب اچھا ہو گا۔ اکتوبر سے دسمبر کا عرصہ ایک مرتبہ پھرصورت حال تبدیل کر دے گا، کیونکہ زائچے میں جن نحواست والے بادلوں نے سایہ کیا ہوا تھا، وہ بھاگ جائیں گے، آپ کی قسمت ایک مرتبہ پھر بھرپور انداز میں آپ کا ساتھ دے گی اور مال کی آمد ہو گی، ناراض عزیزوں سے صلح ہو گی، کسی بھی جگہ رقم بلاک ہو گی تو وہ واپس آ جائے گی،کیسی ہی پریشانی یا مشکل کیوں نہ ہو اس میں سے مکھن میں سے بال کی طرح نکل جائیں گے، جو بے گناہ جیل سے سزا کاٹ رہے ہیں وہ رہا ہوں گے، مقدمے انکوائری وغیرہ سے نجات حاصل ہو گی، ملازمت پیشہ افراد کی ترقی کا امکان بھی ہے اور جو لوگ ملازمت سے برخاست کر دیئے گئے تھے، اللہ نے چاہا تو وہ دوبارہ بحال ہو کر اپنے عہدوں پر کام شروع کر دیں گے، ماسوائے چند دِن کے باقی پورا سال رحمتوں اور برکتوں کی بارش کا ہی ہے، قدرت کی خاص مہربانی رہے گی آپ بس نماز کی پابندی کریں اور صبح و شام ’’سورۂ حشر‘‘ کی آخری آیات اول و آخر درود پاک پڑھنا اپنا معمول بنا لیں ان شاء اللہ ہر قسم کی آفت اور بلا سے محفوظ رہیں گے۔

مزید :

ایڈیشن 1 -