برج قوس

برج قوس

  

سیارہ مشتری

22نومبر سے21دسمبر

نام کے پہلے حروف=ف

جنوری تا مارچ کا عرصہ آزمائشی سا ہے اس میں صرف آپ کی نیت ہی کام کرے گی، جیسی نیت ہو گی ویسا ہی پھل ملے گا، اصل میں برج قوس والے90فیصد اپنے دِل اور جذبات کے غلام ہوتے ہیں۔ یہ کسی بھی فلسفے کو نہیں مانتے، جو دِل نے کہہ دیا بس کہہ دیا، شاید اسی وجہ سے یہ زیادہ تر اپنا نقصان کر بیٹھتے ہیں، اس لئے اب ان کو ہمارا مشورہ ہے کہ جو کرنا ہے اچھی طرح پلاننگ کے ساتھ کرنا ہے۔ دِل اور جذبات کو ایک طرف رکھ کر کرنا ہے اب اپنے لئے سنجیدہ ہو جائیں، ورنہ اسی طرح حالات رہیں گے جیسے برسوں سے چلتے آ رہے ہیں۔ آپ کو سال کے پہلے تین ماہ شاٹ کٹ راستہ اختیار کرنے سے بچنا ہے اور عشق و محبت سے بہت دور رہنا ہے۔ آپ کا اصل نقصان تو اس طرف ہی ہوتا ہے، مخالفین کی ایک بڑی تعداد آپ کی دشمن ہے، جو ہر وقت آپ پر تاک لگائے رکھتی ہے کہ کس جگہ پر آپ غلطی کریں اور وہ آپ کو پکڑے۔یاد رکھیں کہ اس بار غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے آپ نے ہر قدم پھونک پھونک کر رکھنا ہے، اپنے ہوں یا غیر کسی کا بھی اعتبار نہیں کرنا اور بڑے صبر اور تحمل سے مارچ تک کا وقت کراس کرنا ہے، غلطی کرنے کی ہر گز کوشش نہ کریں،نتائج ایسے ہوں گے کہ عقل ٹھکانے آ جائے گی، ویسے بھی نحوست نے پہلے ہی کافی دِنوں سے آپ کو چاروں طرف سے گھیرا ہوا ہے اور آپ اللہ پاک سے اس طرح درخواست نہیں کر رہے، جس طرح کرنے کا حق ہے۔ بہرحال سال کے پہلے تین ماہ ہر قسم کے رسک سے دور رہیں۔ قانونی معاملات میں بالکل نہ آئیں اور نہ ہی پیسوں کا لین دین کریں، اس طرح ہی آپ پریشانی سے بچ سکتے ہیں۔

اپریل سے جون کا عرصہ صورتِ حال میں قدرے بہتری لائے گا اس میں کم سے کم نقصان نہ ہونے کا پورا امکان ہے اور رزق کا معاملہ بھی50فیصد کھل جانے کی توقع ہے، پہلے تو ضرورتیں پوری ہونا شروع ہو جائیں گی اور قرض سے بھی نجات ملے گی۔ یہ عرصہ سفر کے حوالے سے بھی کچھ بہتری لے کر آئے گا۔ پھر وہ سفر تعلیم کے حوالے سے ہو یا پھر روزگار کے حصول کے لئے، بہرحال اس سلسلے میں جو موقع ملے اس کو اپنے ہاتھ سے مت جانے دیں اور جس جگہ نوکری کر رہے ہیں ،اس میں تبدیلی پر غور نہ کریں، کیونکہ امید ہے کہ آگے چل کر اسی جگہ سے فائدہ حاصل ہو۔ یہ دن دِل کو خاص طور پر قابو میں رکھنے کے ہوں گے، جو لوگ محبت کرتے ہیں وہ تھوڑا سا صبر کر لیں، آگے حالات اچھے ہوں تو رشتے کی بات چلنے کی امید بن جائے گی،لیکن جو صرف شرارتیں ہی کر رہے ہیں۔ ان کو خطرناک صورتِ حال سے گزرنا پڑ سکتا ہے۔ وارننگ ہے اگر بات آپ کی سمجھ میں آ گئی ہو تو گھریلو حالات پر بھی نظر رکھیں،بچوں کے کسی معاملے کو نظر انداز نہ کریں اورنہ ہی باہر کے شخص کو ان دِنوں اپنے گھر میں لائیں کہ کہیں عزت کا مسئلہ پیدا نہ ہو جائے۔ یاری دوستی ویسے بھی اب کاروبار بن گئی ہے، سب مطلب پرست لوگ آپ کے اردگرد جمع ہیں۔آپ نے اپنی سابقہ غلطیوں سے سبق سیکھنا ہے اور آئندہ کے لئے بچ کر چلنا ہے، والدین کی خدمت بھی کریں اور ان کی صحت کا خیال رکھنے کے علاوہ ان کی صحت کا صدقہ لازمی دیں،لاپرواہی بڑے امتحان میں ڈال سکتی ہے۔

جولائی سے ستمبر کا عرصہ ایک بار پھر صورتِ حال بدل کر رکھ دے گا۔ ان دِنوں مشتری دو مرتبہ زائچے میں سے گزرے گا، شمس27 درجے پر رہے گا اور عطارد آپ کے زائچے میں ہے، اس سے شاندار مواقع ملیں گے، مالی صورتِ حال جو خراب ہو چکی تھی، اس میں زبردست تبدیلی آئے گی، جہاں جہاں رقم بلاک تھی ان کی واپسی کے واضح امکانات روشن ہو جائیں، جن لوگوں کو نوکری میں پریشانیوں کا سامنا تھا اور اس کی عزت و وقار میں کمی آئی تھی، دوبارہ اپنی پوزیشن پر بحال ہو جائیں گے، رشتے کے حوالے سے جو بندش محسوس کی جا رہی تھی اس بندش کا بھی بحکم خدا خاتمہ ہو گا، اللہ نے چاہا تو مناسب جگہ رشتہ بھی مل جائے گا، والدین کو سکون نصیب ہو گا۔ اکتوبر سے نومبر کا عرصہ بھی بہترین رہے گا کہ اِس دوران ستارے مزید پاور حاصل کرتے رہیں گے اور جو جو بھی مسئلے باقی رہ گئے تھے وہ ان شاء اللہ حل ہو جائیں گے۔ یہ دن صحت کی بحالی کے حوالے سے شاندار ہوں گے۔ دوستوں سے فائدہ ملے گا اور نئی سواری وغیرہ کا بھی سکھ نصیب ہو گا، بعض افراد کو ان کی ایک بڑی ڈوبی ہوئی رقم واپس مل جائے گی، جن لوگوں نے نیا کاروبار شروع کرنا ہو گا ان کے لئے مناسب وقت ہو گا، ستاروں کی چال اپنے حساب سے چلتی رہتی ہے، ہمارے اعمال کی درستگی میں نیت سب سے اہم رول ادا کرتی ہے۔آپ کا ستارہ چونکہ90 فیصد آپ کے دِل کے حوالے سے کروٹ بدلتا ہے اس لئے ہمارا مشورہ ہے کہ صرف دِل کے بے لگام گھوڑے کو لگام ڈال لیں، باقی سب اچھا رہے گا، مجموعی طور پر 2019ء آپ کے لئے بہترین سال ثابت ہو گا، سابقہ پریشانیوں کا خاتمہ اور ایک نئی زندگی کا آغاز ہو گا، نماز کی پابندی کریں، باوضو رہا کریں اور کثرت سے درود پاک کا ورد لازمی کرتے رہا کریں۔

مزید :

ایڈیشن 1 -