برج دلو

برج دلو

  

۔۔۔ سیارہ یورنیس

21جنوری سے 20فروری تک

نام کے پہلے حروف:س ،ش،ت،ص

یہ سال ان کے لئے اچھا ثابت ہو گا جو لوگ خاص طور پر اپنے تمام معاملات کو چھوڑ کر سنجیدہ ہو کر صرف اپنی زندگی کی جانب دیکھیں گے۔ جنوری سے مارچ کا عرصہ آپ کو خاصی توجہ کے ساتھ گزارنا ہے اور اس میں ہر معاملے پر گہری نظر رکھنی ہے۔ آپ کے لئے اس میں بہت کچھ ہے۔ روزگار کے حوالے سے نئے سسٹم بنیں گے ممکن ہے کہ وہ بند دروازے بھی کھل جائیں جو برسوں پہلے بند ہو چکے تھے۔ اب یہ آپ پر ہے کہ کس طرح ان سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ کاروباری حضرات کی تو چاندی ہو جائے گی۔ بس وہ جوکام کریں نقد پرکریں۔ ادھار میں پہلے بھی نقصان ہوا تھا اور اب بھی اس کا بہت خطرہ ہے، جو لوگ بے کار ہیں اور کافی عرصے سے نوکری وغیرہ کی تلاش میں ہیں اگر وہ اپنے کام پر توجہ دیں اور کوئی چھوٹا موٹا کام شروع کر لیں،یہی ان کے لئے زیادہ مناسب ہے۔ محنت کا خانہ ہے جو پچھلے کافی عرصے سے پوری شدت سے کھلا ہوا ہے اور سمجھ لیں کہ یہ آپ کی کمزوری بھی ہے۔ اس کے بغیر نہیں رہ سکتے پھر وہ جائز ہو یا نا جائز،جائز کی حد تک تو بالکل ٹھیک ہے مگر ناجائز کرنے والوں کو مشورہ ہے کہ وہ آج جو بو رہے ہیں، وہ کل اس کو ضرور کاٹیں گے۔ سمجھ لیں کہ یہ ایک قرض ہے جو ہمارے اپنوں نے ہی ادا کرنا ہے۔ اس وقت سے بچنے کے لئے آج ہی سچی توبہ کریں اور آئندہ کے لئے باز آجائیں۔ جو لوگ توبہ نہیں کریں گے اور عشق و محبت کے چکروں میں پڑے رہیں گے، سمجھ لیں کہ ان کا برا وقت شروع ہو گیا ہے۔ اب یہ ان کے لیے وارننگ ہے۔ باقی معاملات آپ کی محنت کے مطابق پھل دیتے رہیں گے۔

اپریل سے جون کا عرصہ کاروباری حضرات کے لئے بے حد شاندار ہو گا۔ برسوں کے کاروبار میں جو پریشانیاں اور مشکلات پیش آ رہی تھیں وہ اب اللہ کے حکم سے ختم ہو جائیں گی اور صرف برکت ہی برکت آئے گی۔ یہ دن ایسے ہوں گے کہ سمجھ لیں ذرا سی محنت اور نیک نیتی آپ کو کہاں سے کہاں پہنچا دے گی۔ جس سے آپ کے سارے داغ دھل جائیں گے اور زندگی مالی طور پر خوشگوار ہونا شروع ہو جائے گی۔ ملازمت پیشہ افراد کو قدرے مشکل کا سامنا تو ہے۔ جن کی عرصہ دراز سے ترقی وٖغیرہ کا معاملہ رکا ہوا تھا اور فائل آگے بڑھنے کا نام نہیں لے رہی تھی، تھوڑی سی کوشش اور سفارش کے بعد ان کو کامیابی ملنے کے امکانات روشن ہیں مگر یہاں پر بھی خیال رکھنا ہو گا کہ کسی بھی قسم کے ناجائز پیسوں کے حصول کی جانب مت آئیں جو لوگ پرکشش سیٹ کے چکروں میں ہوں گے، ان کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گااور جن لوگوں نے اپنے معاملات اللہ پاک پر چھوڑے ہوں گے۔ ان شاء اللہ وہ پردۂ غیب سے انعام ہی پائیں گے۔ زحل اور عقرب اس ماہ میں ایک دوسرے سے 5 سالوں کے لئے جدا ہو جائیں گے، اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہو گا کہ ان سالوں میں جو لوگ جادو ٹونہ، بندش رجعت وغیرہ جیسے مسائل کا شکار رہے رہیں وہ بحکم خداسکون اور رزق کے حصول میں بہتری محسوس کریں گے۔ خواتین جو اپنے ازدواجی معاملات کے حوالے سے سخت پریشان تھیں اور اپنے شوہر کی توجہ حاصل نہیں کر پا رہی تھیں وہ بہنیں اب خوشخبری سن لیں کہ ان کی شوہر اب ان کے قبضے میں ہوں گے اور گھر پر پوری توجہ بھی دیں گے۔

جولائی سے ستمبر کا عرصہ بھی خوشگوار ہے، یہ دن ہر لحاظ سے بحکم خدا اچھے ہی ثابت ہوں گے۔ آپ ان دنوں پرائز بانڈ کی خریداری بھی کر سکتے ہیں اور ٖغیر متوقع طور پر پیسہ بھی حاصل کرنے کی پوزیشن میں ہوں گے۔ حالات خود بخود ایسے بنتے چلے جائیں گے کہ آپ کو مختلف کاموں کی گھر بیٹھیے آفر ملے گی۔ اب یہ آپ پر ہے کہ کسی طرح اس کو قبول کرنا ہے۔ بیرون ملک جانے کے خواشمند افراد ان دنوں پوری کوشش کریں، اللہ تعالیٰ نے چاہا تو ان کا سلسلہ بن جائے گا۔ بلکہ بیرون ملک جو بیمار ہیں وہ ٹھیک ہو جائیں گے اور وہاں پر ان کے روزگار کا نیا سلسلہ بھی بن جائے گا۔ حالات بحکم خدا ان کا مکمل ساتھ دیں گے۔ اکتوبر سے دسمبر کا عرصہ قانونی معاملات کے حوالے سے اہم رہے گا۔ یہاں سب سے پہلے یہ مشورہ ہے کہ کسی کے لین دین میں نہ آئیں اور نہ ہی کسی کی ضمانت وغیرہ دیں اور سب سے بڑٖھ کر اپنے موبائل کا استعمال محتاط انداز میں کریں۔ جو لوگ کسی عشق وغیرہ کے چکروں میں ہوں گے، وہ پکڑے جائیں گے اور بعض تو کچھ دن جیل میں بھی رہ سکتے ہیں اور اچھی خاصی مار بھی پٖڑے گی۔ اب آپ پر ہے کہ کس طرح اس سے بچ کر چلا جائے، ہمارا کام وارننگ دینا ہے۔ جن افراد کا من پسند جگہ رشتہ طے ہو جائے،بہرحال اس سلسلے میں جتنی بھی رکاوٹیں اور بندش وغیرہ محسوس کی جارہی تھی وہ ٹوٹ جائے گی۔ اس سال اگر آپ نے اپنے پتے شاندار انداز میں کھیلے تو پھر وارے نیارے ہیں، مجموعی طور پر 2019ء اچھا سال ہے، بس شرارتوں سے دور رہنا ہے۔ محنت پر یقین رکھنااور صلی اللہ و علیک یا محمد روزانہ فارغ اوقات ضرور پڑھا کریں۔ بہترین عمل ہے۔

مزید :

ایڈیشن 1 -