بلاامتیاز احتساب کا وعدہ خواب کی شکل اختیار کر گیا ، سراج الحق

بلاامتیاز احتساب کا وعدہ خواب کی شکل اختیار کر گیا ، سراج الحق

  

لاہور (آن لائن) امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے ایک بیان میں کہاہے کہ بلاامتیاز احتساب کا وعدہ خواب کی شکل اختیار کر گیاہے ، وعدے آسمان سے تارے توڑنے کے تھے ، عملی طور پر عوام صاف پانی سے بھی محروم رہے ، حکومت قوم کی تعمیر کی بجائے اپنے مخالفین کو دفن کرنے میں لگ گئی ۔ 2018 ء میں حکومت کا وعدوں سے آگے سفر شروع نہیں ہوسکا ،حکومت منی بجٹ لانے اور ٹیکسوں کی شرح بڑھانے کی سوچ چھوڑ دے۔ امید ہے حکومت 2019 ء کو سابقہ وعدوں کی تکمیل کا سال بنائے گی اور پاکستان کو حقیقی معنوں میں مدینہ کی طرز پر ایک اسلامی و فلاحی ریاست بنانے کی طرف قدم بڑھائے گی۔احتساب کو موثر اور بااعتماد بنانے کیلئے پانامہ کے دیگر ملزموں کیخلاف بھی فوری کارروائی کی ضرورت ہے ۔ حکومت سے عوام نے جو امیدیں اور توقعات باندھ رکھی تھیں انہیں آرزوؤں میں نہیں بدلنا چاہیے اور 2019 ء کو ان امیدوں کو پورا کرنے اور عوام کو ریلیف دینے کا سال بنا ناچاہیے ۔ بنگلہ دیش میں جمہوریت کے نام پربدترین آمریت مسلط ہے ۔ بے گناہ مسلمانوں کو صرف اس جرم میں شہید کیا جارہاہے کہ وہ ہندوستان کی غلامی قبول کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں ۔ انتخابات کے ڈرامے سے صرف ہندوستانی مفادات کی حفاظت کی جارہی ہے ۔ دھاندلی کیخلاف احتجاج کرنے والے درجنوں لوگو ں کے قتل عام اور سینکڑوں کو زخمی کیے جانے پر انسانی حقوق کے عالمی اداروں کی خاموشی قابل مذمت ہے ۔ مغرب اور یورپ میں جانوروں کے حقوق کے تحفظ پر تو بات ہوتی ہے مگر بنگلہ دیش اور کشمیر سمیت دنیا بھر میں جاری مسلمانوں کے قتل عام کا کوئی نوٹس نہیں لیا جاتا ۔سینکڑوں بے گناہ لوگوں کو شہید اور ہزاروں کو پکڑ کر جیلوں میں ٹھونس دیا گیاہے۔حسینہ واجد بھارت کو خوش کرنے کیلئے چن چن کر مخالفین کو قتل کروا رہی ہے ۔ عالم اسلام کو بنگلہ دیش میں جاری اس ظلم و جبر کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے ۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس اور شیخ القرآن و الحدیث مولانا عبدالمالک بھی موجود تھے ۔

سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -