جے آئی ٹی رپورٹ آسمانی صحیفہ نہیں،کیس لڑیں گے ، پیپلز پارٹی

جے آئی ٹی رپورٹ آسمانی صحیفہ نہیں،کیس لڑیں گے ، پیپلز پارٹی

  

اسلام آباد ،کراچی(آئی این پی ) پیپلزپارٹی کی سیکریٹری اطلاعات اور رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ گیدڑ اور گدھ سندھ پر قبضہ نہیں کرسکتے،پی ٹی آئی والے اپنے کپتان کو سنبھالیں، لگتا ہے کہ وہ جلد رن آوٹ ہونا چاہتے ہیں۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے وفاق اورپنجاب حکومت کی فکر کریں، عمران خان کو بھاگنے نہیں دیں گے، پی ٹی آئی کی حکومت عوام سے کیے ہوئے وعدے پورے کرے۔دریں اثناء گزشتہ روز سندھ اسمبلی کے باہر ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مشیر اطلاعات سندھ مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ کوئی آسمانی صحیفہ نہیں ، ایک دستاویز ہے، ہم عدالت میں اس کے خلاف تمام شواہد پیش کریں گے،حکومت نے بے نظیرکی شہادت کے دن بھی سازش کی اور پارٹی کے جذبات کا خیال نہیں رکھا، ماضی میں سازشوں کو بے نقاب کیا اب بھی کریں گے، صدر مملکت اور گورنر سندھ کس طرح سیاسی کردار ادا کررہے ہیں، گورنر سندھ عمران اسماعیل پارٹی کے بجائے آئین کے مطابق حکومت سندھ سے مشاورت کریں۔مرتضی وہاب نے مزید کہا کہ ہمیں اللہ کی ذات اور پاکستان کی عدلیہ پر بھروسہ ہے، جیت انصاف اور پیپلز پارٹی کے نیک لوگوں کی ہوگی۔ انہوں نے کہا پچھلے پانچ ماہ سے گزارش کر رہا ہوں کہ تحریک انصاف کے اراکین آئین پاکستان پڑھ لیں، نادان دوستوں نے وزیر اعلی سندھ کے خلاف تحریک التوا جمع کروادی۔انہوں نے کہا کہ اب جو معاملہ عدالت میں ہے اس پر ایوان میں کیسے بحث ہو گی، بریکنگ نیوز کے چکر میں یہ لوگ نہ جانے کیا کیا کر رہے ہیں۔مرتضی وہاب نے کہا کہ کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے جو تحریک التوا جمع کرائی گئی، اس تحریک کے بارے میں خرم شیر زمان کہتے ہیں کہ وہ مجھ سے کہہ کر جمع کروائی تھی۔ خرم شیر زمان بتائیں کہ اب انھوں نے یہ تحریک التوا کس کے کہنے پر جمع کرائی؟۔انہوں نے کہا کہ خرم شیرزمان تحریک التوا پربھی یوٹرن لیں گے، یہ پیپلزپارٹی میں فارورڈ بلاک کا دعوی کرتے ہیں لیکن ہمارے ایم پی ایز ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صدر مملکت اور گورنر سندھ آئین کو فالو کریں، اب وہ تحریک انصاف کے رہنما نہیں رہے۔

مزید :

صفحہ آخر -