سپریم کورٹ براج گروپ کے پی ٹی آئی کو الیکشن فنڈز دینے کی تحقیقات کرائے : حافظ نعیم الرحمن

سپریم کورٹ براج گروپ کے پی ٹی آئی کو الیکشن فنڈز دینے کی تحقیقات کرائے : حافظ ...

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر )جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ ابراج گروپ کے چیئرمین عارف نقوی کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کو الیکشن فنڈز کے الزامات کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی قائم کرنے کا حکم جاری کریں۔حافظ نعیم الرحمان جو اسلام سرکل آف جاپان کی دعوت پر ایک ہفتے کے دورے پر جاپان میں موجود ہیں ،انہوں نے اس موقع پر معروف کاروباری و سماجی شخصیت صالح افغانی کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ابراج گروپ کی ملکیت کے الیکٹرک نے کراچی کے دو کروڑ سے زائد آبادی والے شہر کو یرغمال بنا رکھا ہے جہاں لوگوں کو نہ مناسب بجلی فراہم کی جارہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دوسری جانب بجلی کے بلوں کی مد میں کروڑوں کی ہیر پھیر کی جارہی ہے، غیر معیاری میٹروں کے ذریعے بھی اربوں روپے لوٹے گئے ہیں۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان کو 80 فیصد ریونیو فراہم کرنے والے شہر کو کھنڈر میں تبدیل کرنے میں پیپلز پارٹی کا اہم کردار ہے جبکہ ایم کیو ایم نے اقتدار میں رہنے کے باوجود شہر کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی پاکستان کا اصل سرمایہ ہیں جن کے ساتھ موجودہ حکومت نے سوتیلی ماں کا سلوک روا رکھا ہے، الیکشن میں ووٹ کے حصول کے بعد سب سے زیادہ ٹیکسز حکومت نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں پر ہی عائد کیے ہیں جن کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، خاص طور پر بیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں کے لیے موبائل فون پر ٹیکس لگانے کے اقدام سے حکومت کی بدنیتی کھل کر سامنے آگئی ہے۔اس موقع پر تقریب کے میزبان صالح افغانی نے جاپان میں مقیم پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ ملک کی نیک نامی کے لیے کردار ادا کریں اور پاکستان کی ترقی میں اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔انہوں نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان امن اور دوستی کی ضرورت پر زور دیا تاکہ خطے کے عوام ترقی کر سکیں ہے۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -