طورخم بارڈر تک دوبارہ سفاری ٹرین چلائی جائیگی ،محمد عاطف خان

طورخم بارڈر تک دوبارہ سفاری ٹرین چلائی جائیگی ،محمد عاطف خان

  

خیبر (بیورورپورٹ)خیبر پختونخواہ کے سینئر وزیر برائے سیاحت، آرکیالوجی، کھیل،ثقافت اور امور نوجوانان عاطف خان نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں ہزاروں کی تعداد میں بدھ مت کے مقدس مقامات کے علاوہ انگریز دور کے تاریخی مقامات موجود ہیں جنھیں بحال اور محفوظ بنایا جائے گا۔طورخم بارڈر تک دوبارہ سفاری ٹرین چلائی جائیگی اور قبائلی اضلاع میں نوجوانوں کو روزگار کے موقع فراہم کرنے کے علاوہ کھیل کے میدان بھی بنائے جائینگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبائلی ضلع خیبر کے دورے کے موقع پر کیا۔اس موقع پر سینئر وزیر نے ضلع خیبر کی تحصیل جمرود میں واقع ہزاروں سال پرانے بدھ مت کے مقدس مقام شپولہ سٹوپہ کا دورہ بھی کیا۔سینئر وزیر نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں ہزاروں کی تعداد میں بدھ مت کے مقدس مقامات موجود ہیں جن میں 100 سے زیادہ صرف جمرود تحصیل میں واقع ہیں چونکہ اب قبائلی اضلاع خیبر پختونخوا کا حصہ ہیں اسلئے قبائلی اضلاع میں بدھ مت کے تمام مقدس مقامات اور انگریز دور کے تمام تاریخی مقامات کی نشاندہی کے لئے باقاعدہ طور پر ایک سروے کیا جائیگا جسکے بعد ان مقامات کو بحال اور محفوظ بنائیں گے۔سینئر وزیر نے کہا کہ قبائلی اضلاع قدرتی حسن سے مالا مال ہیں یہاں سیاحت کو ترقی دیکر دنیا پر واضح کریں گے کہ قبائل دہشت گرد نہیں بلکہ پرامن لوگ ہیں۔قبائلی اضلاع میں سیاحت کو فروغ دینے سے مقامی سطح پر روزگار کے مواقع بھی میسر آئینگے۔ضلع خیبر میں سفاری ٹرین کے حوالے سے سینئر وزیر نے کہا کہ اس سلسلے میں محکمہ ریلوے کو باقاعدہ طور پر خط لکھا گیا اور بہت جلد طورخم تک سفاری ٹرین دوبارہ شروع ہوجائیگی۔جس سے آمدورفت میں آسانی کیساتھ ساتھ علاقے میں تجارتی سرگرمیاں بھی بڑھیں گی۔صوبائی وزیر عاطف خان نے مزید کہا کہ قبائلی آضلاع کے نوجوانوں کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لئے حکومت قرضے فراہم کرے گی اسکے علاوہ قبائلی آضلاع میں کھیلوں کو فروغ دینے کے لئے کھیل کے میدان بھی بنائے جائیں گے اور مختلف کھیلوں کا انعقاد بھی کیا جائیگا۔ثقافت کو فروغ دینے کے لئے تمام قبائلی اضلاع میں ثقافتی مراکز بنائے جائیں گے اور اس سلسلے میں پہلے سے اتنڑ اور رباب منگی کے مقابلوں کے انعقاد کا اعلان کیا جاچکا ہے۔ اسکے علاوہ قبائلی اضلاع میں اضلاع کی سطح پر جوان مراکز بھی تعمیر کئے جائیں گے جہاں نوجوان مثبت سرگرمیوں میں مشغول رہیں گے۔سینئر وزیر نے کہا کہ محکمہ سیاحت،ارکیالوجی،ثقافت،کھیل اور امور نوجوانان کے حکام کو قبائلی اضلاع تک خدمات بڑھانے کا جائزہ لینے کے لئے قبائلی اضلاع کے دوروں کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -