ملاوٹ کرنیوالوں کو سخت سزا دینے کیلئے قانون سازی کی جائے، سعدیہ سہیل

ملاوٹ کرنیوالوں کو سخت سزا دینے کیلئے قانون سازی کی جائے، سعدیہ سہیل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(لیڈی رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے ایک قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کا یہ مقدس ایوان ملاوٹ، غلیظ، جعلی اور مضر صحت اشیاء فروخت کرنے والوں کو سخت سزا دینے کے لئے قانون سازی کا مطالبہ کرتا ہے کیونکہ ناقص گوشت، ملاوٹ والے مصالحے، مشروبات اور دوسری مضر صحت خوراک پکڑی گئی، لوگوں کو گرفتار کیا گیا اور جرمانے بھی کئے گئے،لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ایسی کارروائیوں سے کوئی سبق حاصل نہیں کیا جاتا۔ ناقص گوشت بدستور پکڑا جا رہا ہے۔ بیکریوں میں استعمال کے لئے گندے انڈوں کی سپلائی جاری ہے، مردہ مرغیوں کا گوشت بھی فروخت ہو رہا ہے، بدبور دار اور گلی سڑی مچھلی بھی فروخت ہو رہی ہے ۔

صفائی نہ ہو نے اور گندگی پر بھی چالان کئے گئے۔ لیکن یہ سلسلہ رک نہیں رہا؟ شاید اس کی وجہ یہ ہو کہ موجودہ سزائیں کم ہیں۔ یہ حضرات محض منافع خوری کے لئے انسانی جانوں کے ساتھ کھیلنے سے گریز نہیں کرتے،اس لئے اگر ان کے خلاف سخت ترین کارروائی نہ کی گئی تو یہ باز نہیں آئیں گے، لہذا پنجاب کے اس مقدس ایوان کے اراکین کی متفقہ رائے ہے کہ حکومت موجودہ قوانین میں ترامیم کر کے ایسا قانون بنائے،جس کے تحت انسانی جانوں سے کھیلنے والے بھی قتل کے مجرم ٹھہرائے جائیں اور ان کو موت کی سزا دی جائے ۔