2018ء کئی شوبز شخصیات بچھٹر گئیں ، سنیماوٹی وی انڈسٹری چھائی رہی

2018ء کئی شوبز شخصیات بچھٹر گئیں ، سنیماوٹی وی انڈسٹری چھائی رہی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(فلم رپورٹر)سال 2018اختتام پذیر ہوگیا گزشتہ سال کو پاکستان کی شوبزانڈسٹری میں کئی حوالوں سے ہمیشہ کے لئے یادگار رکھاجائے گا کیونکہ اس سال جہاں لوگوں کو خوشیاں ملیں وہیں بہت سے لوگ ہمیشہ ہمیشہ کے لئے دنیا چھوڑ گئے۔ کہیں شادیانے بجتے رہے تو کہیں ماتم ہوتا رہا ۔یہ سال فلم اور ٹی وی انڈسٹری کے لئے بہترین ثابت ہوا۔ویسے توگزشتہ سال کئی اہم واقعات رونما ہوئے لیکن سال کا سب سے بڑا واقعہ گلوکارہ میشاشفیع کی طرف سے علی ظفرپرلگایاگیا جنسی ہراسانی کا الزام ہے جس نے پاکستان میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں تہلکہ مچادیا تھا۔اداکارہ میرا کو عدالت کی طرف سے عتیق الرحمن کی بیوی قرار دے دیا گیا۔اداکارہ وینا ملک نے خلع لے لیا۔اداکارہ صنم بلوچ نے بھی طلاق لے لی جن کی شادی اداکارعبداللہ فرحت اللہ سے ہوئی تھی اور دونوں کی یہ لومیرج تھی۔اداکارہ متیراکو بھی اسی سال طلاق ہوئی جنہوں نے گلوکار ڈی جے فلنٹ سے شادی کی تھی۔اداکار منیب بٹ اور اداکارہ ایمن خان کی شادی کی تقریبات نومبر سے دسمبر تک چلتی رہیں اور طویل عرصے تک منگنی کے بندھن میں بندھے رہنے کے بعد یہ جوڑا اب رشتہ ازدواج سے منسلک ہوگیا ہے، دونوں کی نکاح کی تقریب 21 نومبر کو ہوئی اور 6 سے زائد تقریبات کے باعث سوشل میڈیا پر لوگوں کی بحث کا باعث بھی بنی۔معروف اداکارہ عائشہ خان نے میجر عقبہ حدید ملک سے شادی کے بعد شوبز کو خیرباد کہہ دیا تھا، شادی کی تقریب اپریل میں منعقد ہوئی اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل بھی رہیں۔اداکار فیروز خان کے لئے بھی 2018 شادمانی کا سال ثابت ہوا جس دوران ان کے ڈرامے ’ خانی‘ اور’ رومیو ویڈ ہیر ‘تو ہٹ ہوئے ہی، اس کے ساتھ ساتھ وہ علیزے نامی خاتون سے زندگی بھر کے بندھن میں بھی بندھ گئے، مارچ کے آخر اور اپریل کے شروع میں ہونے والی تقریبات میں اس جوڑے نے اپنی نئی زندگی کا آغاز کیا۔اداکار عمران اشرف بھی جولائی میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے جن کی شادی کرن سے ملائیشیا میں ہوئی۔اداکارہ اسد محمود بھی رواں سال ماڈل سارا شہزاد کے ساتھ رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئے، شادی کی تقریب بہت سادہ تھی، جس میں دونوں نے سفید لباس پہن کر شرکت کی۔اداکارہ سارہ رازی نے بھی چند ماہ پہلے اپنے کزن سے شادی کرلی تھی۔ا ن کے شوہر کا تعلق شوبز سے نہیں ہے۔اداکارہ انعم فیاض کی رخصتی بھی سال رواں میں ہوئی جن کا نکاح کافی عرصہ پہلے ہوچکاتھا۔اداکارہ اقدس غفار نے بھی زندگی کے نئے سفر کا آغاز کیا،اقدس غفار معروف اداکارہ سعدیہ غفار کی بہن ہیں۔اداکارہ ثمن انصاری نے امریکہ میں دوسری شادی کرلی۔اداکار فیضان شیخ اور ماہم عامر کی رخصتی بھی اسی سال ہوئی۔لاہورسے تعلق رکھنے والی اداکارہ ثوبیہ خان نے کرکٹرعبدالقادر کے بیٹے عثمان قادر سے لومیرج کرلی۔عیسائی مذہب سے تعلق رکھنے والی گلوکارہ زوئے وساجی نے بھی چندروز قبل جیون ساتھی چن لیا۔ اس کے علاوہ سٹینڈ اپ کامیڈین فائزہ سلیم بھی رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔اداکارہ فضاعلی نے بھی اس سال دوسری شادی کی۔معروف میزبان اقرارالحسن نے بھی اس سال دوسری شادی کی۔علی ظفرفلم ’’طیفا انٹربل 2‘‘بنانے کی تیاریوں میں گلوکار واداکار علی ظفر اپنی ہی فلم’’ طیفا ان ٹربل‘‘سے اپنے ہی لئے کئی ریکارڈ بنا گئے ہیں۔علی ظفر واحد اداکار موسیقار گلوکار اور پرڈیوسر بن گئے ہیں جن کی فلم ’’طیفا ان ٹربل ‘‘نے بے پناہ کامیابی حاصل کی ہے۔بغیر کسی تہوار کے ریلیز ہوئی فلم اب بھی کامیابی کے ساتھ سینما گھروں میں دیکھی گئی۔اس سلسلے میں فلم انڈسٹری کے سنجیدہ حلقوں نے بھی علی ظفر کے ٹیلنٹ کو تسلیم کیا۔علی ظفر نے فلم طیفا ان ٹربل میں اداکاری بھی کی گلوکاری بھی کی اور اس کے گانوں کی شاعری لکھنے کے بعد فلم کے گیت خود کمپوز بھی کئے۔جبکہ فلم میں ایکشن کردار بھی نبھایا۔دوسری جانب علی ظفر اس فلم کے پرڈیوسر بھی ہیں اور فلم پچاس کروڑ سے زائد کا بزنس کیا ہے جس سے علی ظفر کی قسمت کا ستارہ اب’’ طیفا ان ٹربل پارٹ ٹو‘‘ کی صورت میں بھی چمکے گا۔اس سلسلے میں علی ظفر کا کہنا ہے کہ ان کی کوشش ہے کہ پاکستان فلم انڈسٹری کا نام بین الاقوامی سطح پر روشن ہو اور وہ اس کے لئے ہر ممکن کوششیں کریں گے۔علی ظفر کا کہنا ہے کہ وہ اپنے آئندہ فلم پراجیکٹ پر کام کررہے ہیں ۔جس کا جلد ہی اعلان کریں گے۔اس کے علاوہ بہت سارے ادارے نئے سال کی فلموں کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔سید نور نے بھی نئی فلم بنانے کا اعلان کیا۔اچھی خان نے سب سے زیادہ فلموں میں کام کیا ۔
شوبز انڈسٹری میں نئے فنکاروں کو اب کام کے بہترین مواقع مل رہے ہیں جس کی وجہ بہت سے لوگ راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے ہیں جس میں جہاں ان فنکاروں کی محنت کا عمل دخل ہے وہاں وہ لوگ بھی قابل تحسین ہیں جنہوں نے ان فنکاروں کو موقع فراہم کیا ہے۔ویسے تو ٹی وی پروڈیوسر،ڈائریکٹر اور چینلز نے اس سال بہت سے فنکار متعارف کرائے لیکن ان میں سے چند خوش قسمت ہی انڈسٹری اور شائقین کے دلوں میں جگہ بناسکے ہیں۔فلم اور ٹی وی کی معروف اداکارہ و ماڈل ماہ نور نے تھیٹر کو خیرباد کہنے کا اعلان کیا۔2018ء میں تھیٹر میں کوئی خاص تبدیلی دیکھنے میں آئی گزشتہ برس بھی تھیٹر اپنی روائتی ڈگر پر چلتا رہا۔تھیٹرز میں کوئی نئی پرفارمر متعارف نہیں ہوئی۔

مزید :

کلچر -