نیپال کیخلاف ہوم سیریز کیلئے قومی ویمن بلائنڈ ٹیم کا اعلان

نیپال کیخلاف ہوم سیریز کیلئے قومی ویمن بلائنڈ ٹیم کا اعلان

  

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) نے نیپال ویمن بلائنڈ ٹیم کے خلاف تاریخی ہوم ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سیریز کیلئے 15 رکنی قومی ویمن بلائنڈ ٹیم کا اعلان کر دیا۔ کونسل کے چیئرمین سیّد سلطان شاہ نے پیر کو پریس کانفرنس میں بتایا کہ 15 رکنی ٹیم میں ربعہ شہزادی (کپتان)، انیلہ شہزادی (نائب کپتان)، صباء گل، اقصیٰ عارف، بشریٰ ظہور، سیمیہ ممتاز، سعدیہ خالد، مہوش رفیق، نمرا رفیق، نشاء بخش، بسمہ حسین، طیبہ فاطمہ، کرن رفیق، ارم شہزادی اور ربعہ جاوید ہاشمی (وکٹ کیپر) شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیپال ویمن بلائنڈ ٹیم 27 جنوری سے 5 فروری تک پاکستان کا دورہ کرے گی۔ سیریز کی افتتاحی تقریب 28 جنوری کو لاہور میں منعقد ہو گی جبکہ سیریز کا پہلا ٹی 20 میچ 28 جنوری کو لاہور، دوسرا ٹی ٹونٹی میچ 31 جنوری کو فیصل آباد، تیسرا میچ یکم فروری کو فیصل آباد جبکہ 3 فروری اور 4 فروری کو شیڈول چوتھا اور پانچواں میچ اسلام آباد میں کھیلے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیریز کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 20 جنوری سے 27 جنوری تک لاہور میں منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں یہ ویمن بلائنڈ ٹیموں کے درمیان پہلی بین الاقوامی سیریز ہو گی۔ اس موقع پر سیریز کی سپانسر انٹرلوپ کی نمائندہ فریال صادق نے بتایا کہ سیریز کو ہماری کمپنی سپانسر کر رہی ہے اور ہماری ہر ممکن کوشش ہوتی ہے کہ جہاں پر خواتین کو بااختیار بنایا جا رہا ہو اس میں اپنا حصہ ڈالا جائے۔ اس موقع پر او جی ڈی سی ایل کے جنرل منیجر رحمت خٹک، ٹیم کے ہیڈ کوچ نفیس احمد، ٹرینر شاہد شاہین، اسسٹنٹ کوچ بختاور اور دیگر آفیشلز بھی موجود تھے۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -