چیئرمین پی اے سی کا مختلف مقدمات پر فی الحال نیب سے بریفنگ نہ لینے کا فیصلہ
اسلام آباد(ویب ڈیسک) پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئرمین شہبازشریف نے مختلف مقدمات پر فی الحال نیب سے بریفنگ نہ لینے کا فیصلہ کیاہے۔چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی شہباز شریف کی زیرصدارت پبلک اکائونٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں آڈیٹر جنرل پاکستان کے نمائندے نے مختلف معاملات پر کمیٹی کو بریفنگ دی۔
کمیٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ کمیٹی ایف آئی اے یا نیب کو پہلے اجلاس میں دبائومیں نہیں لائی، اراکین کمیٹی کے ذہن میں کچھ سوالات تھے جو پوچھے گئے لہٰذا یہ تاثر درست نہیں کہ ہم نے کسی کو بےجا دبایا۔شہبازشریف کا کہناتھا کہ کمیٹی ارکان اداروں کی پچھلے ادوار سے متعلق کارکردگی کاجائزہ لے رہے ہیں۔چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی نے بتایا کہ 6 ذیلی کمیٹیاں قائم کی جائیں گی، ایک ذیلی کمیٹی مانیٹرنگ اور عملدرآمد کے لیے ہوگی۔
چیئرمین پی اے سی نے مختلف مقدمات پر قومی احتساب بیورو (نیب) سے فی الحال بریفنگ نہ لینے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔سیکریٹری پبلک اکائونٹس کمیٹی افتخار رحیم خان نے کہا کہ بریفنگ ملتوی کرنا شہبازشریف کا فیصلہ ہے۔
واضح رہے کہ پبلک اکائونٹس کمیٹی کے پہلے اجلاس میں شہبازشریف نے گالف کلب سمیت دیگر مقدمات پر نیب کو منگل کو بریفنگ دینے کی ہدایت کی تھی۔