حکومت کا گاڑیاں بجلی اوررکشے بیٹریوں پر منتقل کرنے کا فیصلہ
لاہور (ویب ڈیسک )حکومت نے گاڑیاں بجلی پر اور رکشے بیٹریوں پر منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا ، وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے ماحولیات امین اسلم نے کہا ہے کہ اس سلسلے میں پالیسی بنائی جائے گی۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ماحولیات کے تحفظ کیلئے گاڑیوں کو بجلی اور رکشوں کو بیٹری پر منتقل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ،الیکٹرک وہیکل منصوبے پر دیگر ممالک کے ساتھ مشاورت چل رہی ہے ، ترقیاتی منصوبوں کی وجہ سے پچھلی حکومت نے سموگ کے مسئلے کو دبا دیا تھا، ہماری حکومت اس مسئلے کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کی کوشش کرے گی، اس سلسلے میں مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دی ہے ، موبائل یونٹ بھی لاہور میں مسلسل سموگ کی مقدار جانچ رہا ہے ،حکومت شفافیت سے سموگ کے اعداد و شمار جاری کر رہی ہے ، وزیرِ اعظم بھی معلومات لے رہے ہیں۔
دھویں کے تمام ماخذ پر نظر ہے ، 2 ماہ بھٹوں کو بھی بند رکھا گیا اور بھٹہ مالکان کے خلاف چار ہزار چالان کیے گئے ،3 ہزار بھٹوں کو ضوابط کی خلاف ورزی پر مکمل بند کیا جا رہا ہے ، تمام بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرایا جائے گا، پنجاب میں 750 سٹیل ملز کو کالے دھویں کی وجہ سے سیل کیا گیا، امسال کسانوں کو فصل کو تلف کرنے کا متبادل طریقہ بتائیں گے ، بھارت سے 85 سے 90 فیصد سموگ فصل جلانے سے آتی ہے۔
ننکانہ صاحب میں واگزار کرائی گئی زمین پر نیا چھانگا مانگا بنایا جائے گا، خیبر پختونخوا میں ٹری منصوبے میں کوئی بڑی بے ضابطگی نہیں ہوئی، پشاور میں بھی 4 جنگل بنائے گئے۔