سعودی عرب میں پہلی بار 5 ہزار سال قدیم کھنڈرات ،مدائن صالح کے تاریخی مقام پر کنسرٹ کا انعقاد کیا جارہاہے

سعودی عرب میں پہلی بار 5 ہزار سال قدیم کھنڈرات ،مدائن صالح کے تاریخی مقام پر ...
سعودی عرب میں پہلی بار 5 ہزار سال قدیم کھنڈرات ،مدائن صالح کے تاریخی مقام پر کنسرٹ کا انعقاد کیا جارہاہے

  

ریاض( ڈیلی پاکستان آن لائن)سعودی عرب میں پہلی بار 5 ہزار سال قدیم کھنڈرات ، العلاکے قریب مدائن صالح کے تاریخی مقام پر کنسرٹ کا انعقاد کیا جارہاہے ، ایسے مقامات پر تقریبات پر تنقید اوردیگر تنازعات بھی سامنے آتے رہتے ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق حالیہ دنوں میں سعودی عرب میں بہت تیزی سے جدت پسندی اور روشن خیالی کے حوالے سے اقدامات سامنے آئے ہیں، اسی حوالے سے العلا میں مدائن صالح کے تاریخی مقام پر 2 ماہ طویل ثقافتی میلے اور میوزک فیسٹیول کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ شاہ سلمان کے بادشاہ بننے کے بعد کئی اقدامات پہلی بار دیکھنے میں آئے ہیں، اس اہم ترین مقام پر بھی پہلی بار اس طرح کے میلے کا انعقاد کیا گیا ہے۔

2 ماہ تک چلنے والے اس طویل ثقافتی میلے میں جہاں بہت سے گلوکار فن کا مظاہرہ کریں گے، وہیں فن پاروں کی نمائش سمیت تاریخی مقامات کے دورے کا خصوصی اہتمام بھی کیا جائے گا،العلا شہر کی انتظامیہ نے ثقافتی میلے اور میوزک فیسٹیول کا انعقاد ایسے مقامات پر کیا ہے، جو کم سے کم 5 ہزار سال کی تاریخ رکھتے ہیں،ثقافتی میلے کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق یہ میلہ العلا کے تاریخ مقام مدائن صالح دیگر قریبی مقامات پر ہوگا اور لوگوں کو ان تاریخی مقامات کو قریب سے دیکھنے کی اجازت دی جائیگی۔

واضح رہے کہ جس مقام پر ثقافتی میلے کا انعقاد کیا جا رہا ہے، اگرچہ وہاں کی تاریخ بہت قدیم بتائی جاتی ہے، تاہم سب سے زیادہ اہم مقام مدائن صالح ہے، جس کا ذکر آسمانی صحیفوں اور کتب میں بھی ملتا ہے۔

تاریخی مقامات کے اس علاقے کو اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکونے 2008 میں عالمی ورثے کی فہرست میں شامل کیا تھا، اس علاقے کی حفاظت حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، مقامی حکام کو یقین ہے کہ میلے کے باوجود تاریخی مقام کو کسی قسم کے نقصان پہنچنے کااحتمال نہیں ہے ۔

یہ علاقہ کم سے کم 5 ہزار سال قدیم ہے،آسمانی صحیفوں اور کتب میں بھی اس مقام کا ذکر ہے، جس سے پتہ چلتا ہے کہ یہاں کم سے کم 3 ہزار قبل مسیح قوم ثمودآباد تھی۔قوم ثمود کے لوگ پہاڑوں کو تراش کر ان میں اپنے گھر اور محل بناتے تھے، اب تک مدائن صالح میں اس قوم کی تعمیرات کے کھنڈرات باقی ہیں۔

مزید :

عرب دنیا -