عافیہ کی وطن واپسی کی جدوجہد جاری رہے گی: ڈاکٹر فوزیہ صدیقی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جرم بے گناہی کی پاداش میں قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کاایک اور سال امریکی قید ناحق و تنہائی میں گذر گیا۔ نئے سال کا پہلا دن ڈاکٹر عافیہ کی قید تنہائی کا ”6121 واں دن“ اور عمران خان کی وزارت عظمیٰ میں ”501 واں دن“ ہے۔ ڈاکٹر عافیہ کی فیملی ساڑھے تین سال سے ٹیلی فون پر بات چیت اور گذشتہ نو ماہ سے قونصلر رسائی کی رپورٹ کی منتظر ہے تاکہ ڈاکٹر عافیہ کی علیل والدہ عصمت صدیقی کو عافیہ کی صحت اور خیریت سے متعلق تسلی دلائی جا سکے۔ عافیہ موومنٹ کی رہنما اور ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے قوم سے اپیل کی ہے کہ دعا کریں کہ نیا سال 2020ء عافیہ اور تمام بے گناہ قیدیوں کی رہائی اور وطن عزیز کے سیاسی، معاشی و اقتصادی استحکام، ترقی، خوشحالی اور عوام کو انصاف کی فراہمی کا سال ثابت ہو۔ عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ اندرون اور بیرون ملک سے عافیہ کے لاکھوں سپورٹرزہمارا حوصلہ ہیں۔ عافیہ موومنٹ 2019 ء کے اختتام پر قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی امریکی جیل سے رہائی اور وطن واپسی کی کاوشوں میں ہمارا ساتھ دینے والی تمام دینی، سیاسی، سماجی، عورتوں اور حقوق انسانی کے تمام رہنماؤں، کارکنوں اور عافیہ کے سپورٹرز کا شکریہ ادا کرتی ہے اور اس عزم کا اظہار کرتی ہوں کہ ان شاء اللہ سال نو2020 ء میں بھی نئے عزم و حوصلہ کے ساتھ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔