بہاولپور ڈویژن:ٹڈی دل سے بچاؤ،65ہزار ہیکٹر اراضی پر سپرے

بہاولپور ڈویژن:ٹڈی دل سے بچاؤ،65ہزار ہیکٹر اراضی پر سپرے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)بہاول پور ڈویژن سے ملحقہ چولستان کے65ہزار ہیکٹر رقبہ پر ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے سپرے کیا جاچکا ہے۔یہ بات کمشنر بہاول پور ڈویژن آصف اقبال چوہدری کی زیر صدارت منعقد ہو نے والے انسداد ٹڈی دل جائزہ اجلاس میں بتائی گئی۔ویڈیو لنک اجلاس(بقیہ نمبر44صفحہ7پر)

میں ڈی جی پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی حمید اللہ ملک، ڈپٹی کمشنر بہاول پور شوذب سعید، ڈپٹی کمشنر بہاول نگر شعیب جدون، ڈپٹی کمشنر رحیم یارخاں علی شہزاد، ایم ڈی چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی رانا سلیم احمدڈائریکٹر ایگریکلچر جمشید سندھو، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ رینجرز شاہد حیات، ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے خالد محمود، کنزویٹر فارسٹ محمد سعید تبسم سمیت متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔کمشنر بہاول پور آصف اقبال چوہدری نے کہا کہ ٹڈی دل قدرتی آفت ہے، اس آفت سے نبردآزما ہونے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ کمشنر آفس سمیت تینوں اضلاع میں 24گھنٹے کنٹرول روم فعال رہیں گے۔ کمشنر بہاول پور آصف اقبال چوہدری نے ہدایت کی چولستان سے ملحقہ 66یونین کونسلز میں سخت مانیٹرنگ کی جائے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ٹڈی دل کے خاتمہ کے لیے سپرے اور ضروری مشینری متعلقہ اداروں کے پاس موجود ہے اس لیے ٹڈی دل کی چولستان میں ممکنہ افزائش روکنے کے لیے جنگی بنیادوں پر سپرے کا عمل مکمل کیا جائے گا۔کمشنر بہاول پور نے کہا کہ چولستان میں رینجرز، سی ڈی اے، محکمہ فارسٹ، محکمہ زراعت، محکمہ وائلڈ لائف اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کے تعاون سے سروے مکمل کیا جائے گا۔ کمشنر بہاول پور آصف اقبال چوہدری نے کہا کہ چولستان کے بعض علاقوں میں موسمی تبدیلی کی وجہ سے ٹڈی دل کے دوبارہ ظاہر ہونے کے پیش نظر متعلقہ محکمہ جات نے سپرے مہم کا آغاز کردیا ہے اور ٹڈی دل کے دوبارہ ظاہر ہونے کے حالات پر متعلقہ اداروں کی مکمل نظر ہے اور ہنگامی بنیادوں پر ادارے اس قدرتی آفت سے نبردآزما ہونے کے لیے مکمل فعال ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ زراعت کے200یو ایل وی سپرے مشین اور400نیپ سیک سپرے مشین کے ذریعے انسداد ٹڈی دل کے لیے چولستان سے ملحقہ66یونین کونسلز میں سپرے و افزائش کی مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے۔ اس طرح محکمہ زراعت کے پاس ایک ہزار لٹر ملیتھین سپرے، 2ہزار لٹر لمبڈا کیلنتھرین سپرے اور5ہزار لٹر ڈیلٹا میتھرین سپرے سٹاک موجود ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی حمید اللہ ملک نے اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی کی آگاہی مہم سے چولستان میں ٹڈی دل کی موجودگی کی اطلاع کنٹرول روم کو فوری پہنچائی جائے تاکہ متعلقہ ادارے بغیر کسی تاخیر کے انسدادی کارروائی کو مؤثر بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمہ جات نے باہمی ربط سے قابل اطمینان حکمت عملی اپنائی ہے اور جلد تمام احتیاطی تدابیر مکمل کر لی جائیں گی۔
سپرے