ڈیرہ میں قابضین سے 250 کنال سرکاری اراضی موضع جنیدہ میں واگزار
ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ) ڈائریکٹر اینٹی کرپشن صوبہ خیبر پختونخوا عثمان زمان کی خصوصی ہدایت پر محکمہ اینٹی کرپشن ڈیرہ اسماعیل خان نے کارروائی کرتے ہوئے 250کنال سرکاری اراضی موضع جنیدہ میں ناجائز قابضین سے واگزار کرالی۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر اینٹی کرپشن عثمان زمان کوشکایت موصول ہوئی کہ موضع جنیدہ میں سینکڑوں کنال سرکاری اراضی پر ناجائز قابضین نے قبضہ کرلیا ہے ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نے اس شکایت کافوری نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کا حکم دیا جس پرسرکل آفیسر اینٹی کرپشن، سٹاف، تحصیلدار سرکل پروآ، گردآور سرکل اور پٹواری حلقہ موضع جنیدہ نے موقع پرجاکر لاکھوں روپے مالیت کی اراضی 250کنال ناجائز قابضین سے واگزار کرالی۔ اور کاغذات محکمہ مال میں اندراج کرکے اسکا قبضہ موقع پر اہلکاران محکمہ مال پروآ سرکل کے حوالے کردیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن عبدالحئی خان بابڑنے واضح کیا ہے کہ محکمہ اینٹی کرپشن ڈیرہ میں کرپشن کی شکایات پر بلاامتیاز کارروائی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف موثر کارروائی کے لیے میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے۔