پی ٹی آئی حکومت تاریخ کی ناکام ترین حکومت ثابت ہوئی، مولاناگوہر شاہ

پی ٹی آئی حکومت تاریخ کی ناکام ترین حکومت ثابت ہوئی، مولاناگوہر شاہ

  



چارسدہ (بیورورپورٹ)سابق رکن قومی اسمبلی مولانا سید گوہر شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت تاریخ کی ناکام ترین حکومت ہے۔پارلیمنٹ کے ہوتے ہوئے ملک کو صدارتی آرڈیننس کے زریعے چلا نے سے جمہوریت کو نقصان پہنچا یا جا رہا ہے۔مہنگائی نے عوام کا جینا مشکل بنا دیا ہے۔وہ دارالعلوم اسلامیہ چارسدہ میں مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر سابق ایم پی اے مولانا مثمر شاہ،مولانا الٰہی جان،حاجی دانش مند،مولانا جمیل احمد،مولانا طاہر اور دیگر بھی موجود تھے۔مولانا سید گوہر شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیب قانون میں آرڈیننس کے زریعے ترمیم کرکے این آر او کا راستہ کھولا گیا ہے۔عمران خان اپنے ساتھیوں کا بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ملم جبہ،بی آر ٹی اور بلین ٹری سونامی میں اربوں روپے کرپشن چھپانے کے لیے نیب قانون میں ترمیم کی گی۔انہوں نے کہا کہ کپتان پارلیمنٹ کو بے توقیر کر رہے ہیں۔بجلی،گیس لوڈشیڈنگ اور مہنگائی کی وجہ سے متوسط طبقے کی زندگی اجیرن بن چکی ہے۔کپتان کی حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے۔عمران خان کے تمام دعوے اور وعدے جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوئے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی نظریں مولانا فضل الرحمان پر ہے اور انشاء اللہ بہت جلد پاکستان میں از سرنو انتخابات کا انعقاد کر کے اقتدار حقیقی نمائندوں کے حوالے کیا جائے گا۔اس موقع پر انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی کے صوبائی امیر مولانا عطا ء الرحمان کل بروز جمعرات محمد احمد خان کی رہائش گاہ پر میڈیا سے حصوصی بات چیت کریں گے اور محمد احمد خان کو پارٹی میں باقاعدہ شمولیت کی دعوت دیں گے

مزید : پشاورصفحہ آخر