صوابی میں بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ،عوام کی زندگی اجیرن

صوابی میں بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ،عوام کی زندگی اجیرن

  



صوابی(بیورورپورٹ) ضلع صوابی کے مختلف علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر بلا جواز پرمٹ کی آڑ میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں اضافہ ہونے سے عوام مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ٹوپی میں گذشتہ روز دس بجے سے بجلی غائب رہی جو منگل کے روز بھی بحال نہ ہو سکی متاثرہ علاقوں میں عثمان خیل، زکو، میرو لارہ و دیگر محلے شامل ہیں واپڈا سے رابطہ ہونے پر بتایا گیا کہ فالٹ کی وجہ سے بجلی بند ہے لیکن بارہ گھنٹوں میں فالٹ معلوم نہ کرنے اور بجلی کی فنی خرابی دور کرنے میں واپڈا اہلکار ناکام رہے اسی طرح علاقہ یار حسین، صوابی، زیدہ، ڈاگئی اور دیگر علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر لوڈ شیڈنگ کے علاوہ پرمٹ کی آڑ میں چار چار گھنٹے تک بجلی بند رہتی ہے بعض علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ آٹھارہ گھنٹے تک پہنچ چکا ہے۔ صارفین نے بتایا کہ یہ سب کچھ واپڈا اہلکار لائن لاسز پوری کرنے کے لئے کر رہے ہیں۔ عوام نے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور بلا جواز روزانہ کی بنیاد پر مرحلہ وار مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش پرتشویش کااظہار کر تے ہوئے واپڈا کے اعلی حکام سے مطالبہ کیا کہ یہ سلسلہ بند کیا جائے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر