گھر میں آتشزدگی سے کمرہ راکھ میں تبدیل،لاکھوں کا نقصان
کبل(تحصیل رپورٹر)گالوچ خیرآبادمیں گھرمیں آتشزدگی۔پوراکمرہ جل کر خاکستر۔فائربریگیڈ اہلکار فون کال نہیں اٹھارہے تھے۔لوگوں نے اپنی مددآپ کے تحت آگ بجھادی۔لاکھوں کا نقصان۔تفصیلات کے مطابق عثمان علی ولدمحمدپرویش ساکن خیرآباد گالوچ نے ڈیلی پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ گھر میں کوئی موجود نہیں تھا کہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے کمرہ میں آگ بھڑک اٹھی۔کمرے سے اٹھتے ہوئے دھویں کو دیکھ کر ہمسائے کے لوگ دروازہ کا تالہ توڑ کر اندر داخل ہوئے اور پانی کاموٹر کھول کر آگ بجھانے لگے۔اسی دوران کئی بار فائر بریگیڈ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن فائر بریگیڈ اہلکار فون کال نہیں اٹھارہے تھے۔اہل محلہ نے مسجد میں اعلان کیا جس پر گاؤں کے لوگوں نے جمع ہوکر آگ پر قابو پالیا۔ انہوں نے کہاکہ کمرے میں موجود بیس ہزار نقد، ڈیڑھ لاکھ کا فرنیچر، کپڑے اور دوسرا سامان پوری طرح جل کر خاکستر ہوگیا۔جس سے تقریباً دولاکھ تک کا نقصان ہوگیا۔بروقت آگ پر قابو پانے سے باقی گھر اور کمرے نقصان سے بچ گئے۔خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔