ٹڈی دل کے کنٹرول اور تدراک کیلئے جامع حکمت عملی مرتب

      ٹڈی دل کے کنٹرول اور تدراک کیلئے جامع حکمت عملی مرتب

  



لاہور(کامرس ڈیسک)وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت ٹڈی دل کے کنٹرول کے سلسلہ میں متعدد اجلاس منعقد ہوئے جن میں ٹڈی دل کے کنٹرول اور تدارک کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے۔ٹڈی دل کے کنٹرول کیلئے اب تک چولستان میں 56ہزارہیکٹیرزسے زیادہ رقبہ پر سپرے کیا جاچکا ہے۔ٹڈی دل کے کنٹرول کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں جن کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ٹڈی دل کے موسمی حملہ کو موثر طریقہ سے کنٹرول کیا گیاجس سے فصلات کو کوئی نقصان نہیں ہوا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے رحیم یار خان میں ٹڈی دل کی موجودہ صورت حال کا جائزہ لینے کے سلسلہ میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ترقی پسند کاشتکار و سینئر رہنما پاکستان تحریک انصاف جہانگیر خان ترین، سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید،کمشنر بہاولپور ڈویژن آصف اقبال،ڈپٹی کمشنر رحیم یارخان علی شہزاد،ڈی پی او رحیم یارخان، ایم ڈی چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی رانا محمد سلیم،حمید ملک،ڈائریکٹر زراعت توسیع بہاولپور جمشید خالد سندھوسمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ ابتک تقریباََ تین لاکھ ہیکٹیرزرقبہ کی سرویلنس کی جاچکی ہے۔ڈیپارٹمنٹ آف فیڈرل پلانٹ پروٹیکشن،محکمہ زراعت پنجاب،چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی،وائلڈ لائف اور لائیو سٹاک کے افسران اور فیلڈ عملہ کو ایف۔ اے۔ او (FAO)کی طرف سے ٹڈی دل کے دوران زندگی،نقصان،سرویلنس اور کنٹرول کے متعلق تربیت دی گئی ہے۔چولستان کے علاقہ کے نمبرداروں اور کاشتکاروں کو بھی ٹڈی دل کنٹرول کی ٹریننگ دی گئی ہے۔محکمہ زراعت فصلوں کے تحفظ کے لیے ان علاقوں میں 64سرویلنس ٹیمیں کام کررہی ہیں۔حکومت پنجاب کی بہترین حکمت عملی کی بدولت ٹڈی دل کو پورا سیزن انڈین بارڈ ر کے ساتھ 50تا60کلو میٹر تک محدود رکھا گیا۔وزیر زراعت نے کہا کہ ڈیپارٹمنٹ آف فیڈرل پلانٹ پروٹیکشن،ڈویژنل/ ضلعی انتطامیہ،پی ڈی ایم اے،محکمہ زراعت پنجاب،چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی،وائلڈ لائف اور لائیو سٹاک کی بہترین کوارڈینیشن سے سرویلنس اور کنٹرول کے متعلق کاروائیاں کامیابی سے جاری ہیں۔

53ہزار ہیکٹرز موسمی اور 3ہزارہیکٹیرز سے زائد رقبہ پر دسمبر کے آخری عشرے میں سپرے کیا گیا۔ٹڈی دل کے واپسی کے سفر کو موسمی حالات کی وجہ سے رکاوٹ آئی اور اس کا رُخ دوبارہ پنجاب کی طرف ہوگیا جس کیلئے مناسب تیاری کی گئی ہے۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ رحیم یار خان میں اس وقت 19ٹیمیں کام کررہی ہیں جن کے ذریعے اس ٹڈی کی فصلات پر نشاندہی اور کنٹرول کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا عملہ چولستان کے علاقوں میں ٹڈی دل کے متعلق سپرے کرنے والی ٹیموں کو آگاہ کررہا ہے اور اسکے تدارک کیلئے سپرے کا وافر ذخیرہ رحیم یار خان اور بہاولپور میں مہیا کردیا گیا ہے۔حکومت پنجاب کے تحت ہنگامی بنیادوں پر میلاتھیان خرید کرسپرے کیلئے فراہم کی گئی ہے۔ڈیپارٹمنٹ آف فیڈرل پلانٹ پروٹیکشن کو حکومت پنجاب کی طرف سے فیول و لاجسٹک سپورٹ،سرویلنس،رہائش اور پیسٹی سائیڈز وغیر ہ کی فراہمی میں مدد کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چولستان سے ملحقہ علاقوں میں کاشتہ فصلوں کو جزوی نقصان پہنچا ہے اس نقصان کے سروے کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ٹڈی دل کے کنٹرول کیلئے نیشنل ایکشن پلان کی تیاری آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہے۔10سپرے مشین ماؤننٹڈگاڑیوں کیساتھ گراؤنڈ آپریشن جاری ہے۔محکمہ زراعت اور ریونیو کے افسران اور عملہ پر مشتمل ٹیمیں نقصان کا سروے کررہی ہیں۔فصلوں کی کاشت کے علاقوں میں محکمہ زراعت کی ٹیمیں مسلسل سرویلنس کررہی ہیں ابتک کی رپورٹ کے مطابق تقریباًدوہزارایکڑ رقبہ پر فصلوں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ٹڈی دل کے انسداد کے لیے زہریں وافر مقدار میں موجود ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈیزرٹ لوکسٹ کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے آپریشنز کے علاوہ فصلوں اور باغات سے ٹڈی دل کے تدارک کے لیے کاشتکاروں کو زہروں کی فراہمی اور محکمہ کے اہل کاروں کی نگرانی میں سپرے کرائے جارہے ہیں۔ اس ضمن میں ہماری ٹیمیں کاشکاروں کی رہنمائی اور مدد کیلیے ہمہ وقت فیلڈ میں موجود ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیارہیں۔ حالیہ دنوں شدید دھند کی وجہ سے ہوائی آپریشن رُکا ہوا ہے جو موسم صاف ہونے پر ضرورت کیمطابق دوبارہ شروع کردیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ٹڈی دل کی سائنسی تحقیق اور تدارک کیلئے جامع منصوبہ بندی کی جار ہی ہے تاکہ کاشتکاروں کو اس مسئلہ سے مستقل طور پر محفوظ بنایا جاسکے۔فصلوں کی کاشت کے علاقوں میں ٹڈی دل کے حملہ کے خطرہ اور نقصان کے پیش نظر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جس کے لیے حکومت پنجاب کی طرف سے تمام ممکنہ وسائل بروکار لا ئے جا رہے ہیں۔اس موقع پر ترقی پسند کاشتکار و سینئر رہنما پاکستان تحریک انصاف جہانگیر خان ترین نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ترجیحات میں زرعی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی سرِ فہرست ہے۔ٹڈی دل کے کنٹرول اور تدارک کے سلسلے میں وفاقی اور صوبائی حکومت شانہ بشانہ کاشتکاروں کے ساتھ کھڑ ے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی طرف سے فصلات اور چولستان میں سبزے کو ٹڈی دل کے حملہ اور نقصان سے بچانے کے لیے ترجیحاََاقدامات کیے جارہے ہیں۔ ٹڈی دل کے ممکنہ حملہ،نقصان سے بچاؤ اور بروقت انسداد کیلئے تمام متعلقہ محکمے باہمی تعاون سے نتیجہ خیز اقدامات کر رہے ہیں۔اس سلسلہ میں رحیم یار خان اوربہاولپور میں ہوائی جہاز جبکہ گراؤنڈ آپریشن کیلئے سپرے مشین ماؤننٹڈگاڑیوں کی تعداد کو بھی دوگنا کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے تعاون سے لوکسٹ کنٹرول کے سلسلہ میں نیشنل ایکشن پلان بنایا جا رہا ہے جس میں ٹڈی دل کے کنٹرول کیلئے سائنسی بنیادوں پر حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں ٹڈی دل کے کنٹرول کیلئے وضع کردہ نیشنل ایکشن پلان پر موثر عملدرآمد سے وفاقی اور صوبائی حکومت کو ٹڈی دل کے تدارک میں کامیابی حاصل ہو گی۔

مزید : کامرس