میاں اسلم اقبال سے فرنیچر انڈسٹری کے تاجروں ملاقات

      میاں اسلم اقبال سے فرنیچر انڈسٹری کے تاجروں ملاقات

  



لاہور(این این آئی)صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال سے سول سیکرٹریٹ میں فرنیچر سازی کی صنعت سے وابستہ تاجروں  کے وفدنے ملاقات کی جس میں چینوٹ کو فرنیچر سٹی کا درجہ دینے،شہر میں لکڑ منڈی کے قیام اور فرنیچر انڈسٹری کو درپیش مسائل پر بات چیت ہوئی۔صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں فرنیچر سازی کے کاروبار کو وسعت دینے کی بڑی گنجائش موجود ہے۔فرنیچر سازی کے فروغ اور فرنیچر انڈسٹری کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں 200 ایکڑ رقبے پر فرنیچر سٹی بنایا جائے گا۔صوبائی وزیر نے محکمہ صنعت وتجارت سے چینوٹ کو فرنیچر سٹی کا درجہ دینے اور شہر میں لکڑ منڈی کے قیام کے حوالے سے سفارشات طلب کر لیں۔انہوں نے کہا کہ نئی سرمایہ کاری لانا اور روزگار کے مواقع بڑھانا پنجاب حکومت کی اولین ترجیحی ہے۔صوبے بھر کی کاٹیج انڈسٹری کو مرحلہ وار پروگرام کے تحت اپنے پاؤں پر کھڑا کیا جائے گا۔پہلے مرحلہ میں 12 اضلاع میں کاٹیج انڈسٹری کی بحالی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔کاٹیج انڈسٹری کی بحالی کے لئے آسان شرائط پر قرضے دیں گے اور تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔

میاں اسلم اقبال نے کہا کہ دستکاری کے فن کو مرنے نہیں دیں گے،دستکاروں کی بھر پور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ چینوٹ میں لکڑ منڈی کے قیام کی تجاویز کا بھی جائزہ لیا جائے۔ایڈیشنل سیکرٹری صنعت وتجارت اشعرزید ی اور متعلقہ احکام بھی موجود تھے۔تاجروں کے وفد میں پروفیسر عدنان فیصل چیئرمین اے پی پی آئی پنجاب،میاں شفیق ایڈووکیٹ،صدر فرنیچر ایسوسی ایشن چینوٹ مہر حیدر علی اور دیگر شامل تھے 

مزید : کامرس