لاہور چیمبر کی لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کی سخت مذمت 

لاہور چیمبر کی لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کی سخت مذمت 

  



لاہور(لیڈی رپورٹر)لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اورنائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے لائن آف کنٹرول پر مسلسل بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی سے روکے کیونکہ بھارت سوچے سمجھے منصوبے کے تحت جنوبی ایشیاء کو بدامنی کی طرف دھکیل رہا ہے، پاکستان ایک خود مختار ملک اور بھارت کو اْس کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت اور وسائل رکھتا ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول اور پاکستانی آبادی پر بے لگام بھارتی فورسز کی فائرنگ اور پاکستان کی سکیورٹی فورسز کے جوانوں اور عام شہریوں کی شہادت کسی طرح بھی قابلِ قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جان بوجھ کر پاکستان کی رہائشی آبادیوں کو نشانہ بنارہا ہے، یورپین یونین، اقوام متحدہ اور آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن گھناؤنے بھارتی اقدامات پر فوری حرکت میں آئے کیونکہ بھارت کی غیر ذمہ داری کے تباہ کن اثرات صرف جنوبی ایشیاء تک محدود نہیں رہیں گے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ بھارت لائن آف کنٹرول پر جارحیت کے ذریعے دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی اور بدترین انسانی جرائم سے ہٹانے کے لیے کررہا ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ کاروباری برادری لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر شدید تشویش میں مبتلا ہے، حکومت اور پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے بھارتی جارحیت کا موثر جواب دیا ہے لیکن ضروری ہے کہ عالمی برادری کو اپنا ہم نوا بنایا اور عالمی سطح پر بھارت کی ننگی جارحیت کے لیے مہم چلائی جائے۔ 

مزید : کامرس