گڈبائے 2019ء دنیابھر میں 2020ء کا شاندار استقبال، آتش بازی، منچلوں کاسڑکوں پر جشن

      گڈبائے 2019ء دنیابھر میں 2020ء کا شاندار استقبال، آتش بازی، منچلوں کاسڑکوں ...

  



کرائسٹ چرچ/کراچی/لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں،کرائم رپورٹر)دنیا بھر میں نئے سال کا استقبال کیا گیا، نیوزی لینڈ میں 2020 ء کا آغاز ہوا، شاندار آتش بازی کی گئی، سکائی ٹاور پر جشن کا سماں تھا۔دوسری جانب امریکہ میں نئے سال کا سب سے بڑا جشن نیویارک ٹائم سکوائر کے مقام پر ہوگا جہاں کرسٹل بال کو آزمائشی طور پر روشن کیا گیا، بتیس ہزار ایل ای ڈی لائٹس سے خوبصورت نظارہ بن گیا۔جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیؤل میں رنگارنگ لائٹس شو ہوا۔ بلند عمارتوں پر لیزر لائٹس سے شاندار منظر تخلیق کیے گئے، لائٹ شو 3 جنوری تک جاری رہیگا۔ برلن میں بھی برینڈن برگ گیٹ پر نئے سال کے سلسلے میں تقریب منعقد کی گی۔براعظم آسٹریلیا کے بعد سال 2020کا آغاز جاپان میں ہوا جس کے بعد جنوبی کوریا سمیت قریبی ممالک میں بھی نئے سال کی شروعات ہوئیں۔جاپان، شمالی کوریا، فلپائن، چین، انڈونیشیا، تھائی لینڈ، میانمار، بنگلا دیش، نیپال، سری لنکا اور بھارت سے ہوتا ہوا سال 2020پاکستان پہنچا۔لاہور میں بھی رات 12بجتے ہی شدید سردی کے باوجود نوجوان سڑکوں پر نکل آئے،موٹر سائیکل اور گاڑیوں پر سوار منچلوں کی بڑی تعداد گانوں کی دھنوں اور ڈھول کی تھاپ پر رقص اور فیملیز کو تنگ کرتے رہے۔پوش علاقوں میں فارم ہاوسز،ہوٹلز اور گیسٹ ہاوسز میں نائٹ پارٹیزاور رقص و سرور کی محافل کا اہتمام کیا گیااس دوران ٹریفک بھی جام ہو گیا۔پولیس کی بھاری نفری کو مختلف شاہراہوں اور سڑ کوں پر تعینات کیا گیا تھا آتش بازی کی جا تی رہی،کئی جگہ پر ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔ بحریہ ٹاؤن میں نئے سال کا جشن منانے والوں کی بڑی تعداد موجودتھی۔تفصیلات کے مطابق شہر میں مختلف مقامات پر لوگ نئے سال کو منانے کیلئے نکل آئے، شہر پٹاخوں اور ہوائی فائرنگ کی آواز سے گونجنے لگا،آتش بازی سے ماحول جگمگااٹھا، مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ریگل چوک پرکیک کاٹا گیا سال نوکی آمد پرپولیس نے ریگل چوک میں دعا کروائی شہر کے مختلف علاقوں میں محفل میلاد بھی منعقد کی گئی جس میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی، نوجوانوں نے گاڑیوں پر ہلہ گلہ کیا اور مختلف گانوں پررقص کیا۔ ڈی آئی جی کہتے رہے کہ نئے سال کا جشن ضرور منائیں لیکن گولیاں نہ چلائیں۔شہر بھر میں ہوائی فائرنگ،آتش بازی  اور ون ویلنگ کے کرتب دکھائے گئے تاہم پولیس نے مال روڈ کی سڑک کو دونوں طرف سے حصار میں لے رکھا تھا۔شہر کی متعدد جگہوں پر منچلوں نے خواتین سے بد تمیزی کی منچلوں کو پولیس نے کئی جگہوں پر حراست میں بھی لیا۔پولیس اور منچلوں کے درمیان کئی جگہوں پر ہاتھا پائی کے واقعات بھی پیش آئے مال روڈ جیل روڈ،مین بلیوارڈ گلبرگ،لبرٹی گول چکر،اقبال ٹاؤن،ڈیفنس،ایئر پورٹ اور دیگر مقامات پر لوگ بڑی تعداد میں سڑکوں پر گھومتے رہے۔ فائرنگ کے واقعات میں چند ایک افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں مقامی ہسپتالوں میں بھجوا دیا گیا۔اندھی گولیاں لگنے اور ون ویلروں کے کرتب دکھانے کے دوران متعدد شہری زخمی ہوئے۔نئے سال کا جشن منانے کے لیے پوش علاقوں میں فارم ہاوسز،ہوٹلز  اور گیسٹ ہاوسز میں نائٹ پارٹیزاور رقص و سرور کی محافل کا اہتمام کیا گیا۔اس مقصد کے لیے شراب کی سرعام اور وافر سپلائی کا سلسلہ بھی جاری رہا پولیس شراب فروشوں سے اپنا حصہ لیکر خاموش رہی پارٹیز میں شریک نوجوان سرعام شراب پیتے رہے اور فائرنگ کرتے رہے۔جبکہ پولیس کی جانب سے کسی بھی ایسی پارٹی کو روکنے کی کوشش نہیں کی گئی۔بعض مقامات پر ماڈل اور معروف ڈانسر لڑکیوں  نے بھی شرکت کی۔نیو ائیر نائٹ منانے کے لیے دیگر شہروں سے بھی بڑی تعداد میں افراد لا ہور میں آئے ہوئے تھے اور وہ بھی دیگر شہریوں کے ہمراہ مل کر ہلہ گلہ کرتے رہے۔

نیا سال

مزید : صفحہ اول