پاکستان نئے سال میں معاشی لحاظ سے مستحکم اور جمہوری طور پر مزید مضبوط ہو گا: عثما ن بزدار

  پاکستان نئے سال میں معاشی لحاظ سے مستحکم اور جمہوری طور پر مزید مضبوط ہو ...

  



لاہور(جنرل رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سال نو کی آمد پراہل وطن کو مبارکباد دیتے ہوئے تہنیتی پیغام میں کہاہے کہ 2020ء میں پاکستان ماضی کی نسبت زیادہ پرامن،معاشی طورپر مستحکم اور جمہوری طورپر مزید مضبوط ہوگا،نیا سال پاکستانی عوام کیلئے روشن مستقبل، ترقی کی نوید اور امید بن کر طلوع ہوگا اور نیا سال خوشحال، ترقی یافتہ اور پرامن نئے پاکستان کی بنیاد بنے گا۔ ہمیں سال2019ء کو الوداع اورنئے سال کو خوش آمدید کہتے ہوئے اپنی کامیابیوں اور ناکامیوں کا بھی جائزہ لینا ہو گا،2019ء میں صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے پائیدار سفر کی بنیاد رکھی، 2020ء میں اس سفر کو مزید آگے بڑھائیں گے۔انہوں نے کہاکہ تنقید برائے تنقید کے باوجود عوام کی خدمت میں کمی نہیں آنے دی،ہم نے باتیں کم اور کام زیادہ کئے،اپوزیشن صرف کھوکھلے نعرے لگاتی رہی۔نیا سال حقیقی تبدیلی لے کر آئے گا، عوام اپنی زندگیوں میں خوشگوار تبدیلی محسوس کریں گے۔قبل ازیں  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثما ن بزدار کی ہدایت پر پنجاب حکومت نے دیہی ایمبولینس سروس کیلئے خصوصی گرانٹ کی منظوری دے دی اورکابینہ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے اجلاس میں دیہی ایمبولینس سروس کے لئے 90کروڑ روپے کی ضمنی گرانٹ جاری کرنے کافیصلہ کیا گیاہے-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت دیہات میں حاملہ خواتین کو ہسپتال منتقل کرنے کیلئے 450ایمبولینسوں کے لئے خود فنڈز فراہم کررہی ہے- خصوصی ایمبولینس سروس دیہات میں حاملہ خواتین کو بروقت ہسپتال پہنچانے کے لئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور دیہی ایمبولینس سروس دیہات میں بسنے والی خواتین کا حق ہے-حاملہ خواتین کو گھروں سے گائنی ایمرجنسی تک پہنچانے کیلئے 24گھنٹے ایمبولینس سروس جاری ہے۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب کے زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں لاہور شہر میں صفائی کے انتظامات اور مستقبل کے مجوزہ نظام کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہر کو صاف ستھرا بنانے کے حوالے سے ضروری ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اورشہر صاف ستھرا نظر آنا چاہیئے۔لاہور کے شہریوں کو صفائی کے حوالے سے شکایت نہیں ہونی چاہیے،سڑکوں پر کوڑا کرکٹ اٹھانے کیلئے تمام وسائل بروئے کارلائے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ نئی لینڈ فل سائیٹ کیلئے اراضی کی نشاندہی جلد کی جائے۔انہوں نے کہا کہ کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کے عمل کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے۔ غیرملکی کمپنیوں سے کنٹریکٹ ختم ہونے کے بعد صفائی کیلئے موثر متبادل نظام ہونا چاہئے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے شہر میں صفائی کے انتظامات اور مستقبل کے مجوزہ نظام کے بارے میں بریفنگ دی۔مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب سے پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کے صدر اعجاز چودھری نے ملاقات کی،جس میں سیاسی صورتحال اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ عثمان بزداراوراعجاز چوہدری نے مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو، کشمیری عوام پربھارتی ظلم و ستم اور شہریت کے متنازعہ قانون کی شدید مذمت کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار کے شہریت کے متنازعہ قانون پر پورا بھارت سراپا احتجاج ہے اوریہ متنازعہ قانون نہایت ظالمانہ، سنگدلانہ اور انسانی حقوق کے سراسر منافی ہے۔ بھارتی حکومت شہریت کا متنازعہ قانون ختم کرکے مسلمانوں کے بنیادی حقوق بحال کرے۔ اعجاز چودھری نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر پر روایتی مکاری کا مظاہرہ کررہا ہے۔سردار عثمان بزدار سے وزیر قانون سمیت اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔اراکین صوبائی اسمبلی کا وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزارت اعلی کامنصب عوام کی خدمت کے لئے وقف ہے۔ پنجاب اسمبلی میں قلیل مدت کے دوران ریکارڈ قانون سازی کی ہے۔ عوام کی خدمت کا بیڑا اٹھایا ہے۔ رکاوٹوں کے باوجودعوامی خدمت کے سفر میں کسی کو حائل نہیں ہونے دیا۔انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کا سفر پوری قوت سے جاری و ساری رہے گا۔  وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والے اراکین پنجاب اسمبلی میں غضنفر عباس، محمد عامر عنایت شہانی، محمد احسن جہانگیر، صاحبزادہ غزین عباسی، تیمور علی لالی، خواجہ محمد داؤد سلیمانی، غضنفر عباس شاہ، سردار محمد محی الدین خان کھوسہ، سردار شہاب الدین خان اور محمد اعجاز حسین شامل تھے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں قانون کی عملداری کو ہرقیمت پر یقینی بنایا جائے اور قانون ہاتھ میں لینے والے عناصرکے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ امن عامہ کی فضا برقرار رکھنے کے لئے پولیس جانفشانی اور تندہی سے فرائض سرانجام دے اور ون ویلنگ کی روک تھام کیلئے بھی موثر اقدامات کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گوجرانوالہ کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین علاج معالجہ فراہم کیا جائے۔

سردار عثمان بزدار

مزید : صفحہ اول