نئے سال میں ملک و قو م کو معاشی و سماجی مسائل سے نجات دلائیں گے: شہباز شریف 

  نئے سال میں ملک و قو م کو معاشی و سماجی مسائل سے نجات دلائیں گے: شہباز شریف 

  



لندن،لاہور (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے قوم کو نئے سال کی مبارکباد اور نیک تمناؤں کی دعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ خدا کرے 2020 غربت، مہنگائی، بیروزگاری، معاشی بدحالی اور سماجی برائیوں کے خلاف ”ٹوئنٹی ٹونٹی“ ثابت ہو۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ آنے والا اور اس کے بعد کا ہر سال وطن عزیز اور میری قوم کے لئے خوشی، امن اورترقی کا پیغام لائے۔ انہوں نے کہاکہ خدا کرے 2020 غربت، مہنگائی، بیروزگاری، معاشی بدحالی اور سماجی برائیوں کے خلاف ”ٹوئنٹی ٹونٹی“ ثابت ہو۔ انہوں نے کہاکہ عہد کرتے ہیں کہ نئے سال میں ملک وقوم کو معاشی وسماجی مسائل سے نجات کے لئے فیصلہ کن کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ نئے سال میں نئے جذبے اور عزم کے ساتھ ان کی آواز بن کر میدان میں اتریں گے۔ انہوں نے کہاکہ نئے سال کی خوشیاں مناتے ہوئے ان چہروں کو نہ بھولیں جو غربت اور زندگی کی تلخیوں سے مرجھاگئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہر نئے دن کی طرح نئے سال کی آمد کا مطلب یہ ہے کہ مستقبل کی منصوبہ بندی اور حال بہتر بنانے کی فکر کریں۔ انہوں نے کہاکہ افسوس 2019ملک وقوم کے لئے اچھا ثابت نہیں ہوا، قوم کے مصائب بڑھے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے بہادر عوام کو انصاف نہ مل سکا، خدا کرے نیا سال کشمیر کی آزادی کا سورج بن کر طلوع ہو۔انہوں نے کہاکہ رب کریم سے دعا ہے کہ فلسطین سمیت تمام مظلوموں کوان کا حق ملے، انسانیت کو ظلم اور ظالموں سے نجات ملے۔عالوہ ازیں میاں شہباز شریف سے لندن میں مسلم لیگ (ن) کے اقلیتی رکن قومی اسمبلی کھیئل داس کوہستانی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ملکی سیاسی صورتحال اور اقلیتوں کے مسائل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ لیگی رکن قومی اسمبلی نے شہباز شریف سے پارٹی قائد محمد نواز شریف کی صحت سے متعلق بھی آگاہی حاصل کی۔

شہبازشریف

مزید : صفحہ اول


loading...