شوکت خانم ہسپتال کی سلور جوبلی،ڈونرزکا 35کروڑکے عطیات کا اعلان

 شوکت خانم ہسپتال کی سلور جوبلی،ڈونرزکا 35کروڑکے عطیات کا اعلان

  



لاہور(خصوصی رپورٹ)شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اور ریسرچ سنٹر کے 25سال مکمل ہونے کی خوشی میں ایک فنڈ ریزنگ پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں چیئرمین بورڈ آف گورنرز شوکت خانم میموریل ٹرسٹ عمران خان نے خصوصی شرکت کی۔ اس پروگرام میں ڈونرزکی جانب سے 35کروڑکے عطیات کا اعلان کیاگیا،پروگرام میں شوبز، میڈیا اور سپورٹس سے تعلق رکھنے والی مشہور شخصیات شامل تھیں۔عمران خان نے ہسپتال بنانے کے اپنے سفر کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ جو منصوبہ بظاہر نا ممکن تھا وہ صرف پاکستانی عوام کے اعتماد اور تعاون کی بدولت آج ہزاروں افراد کے لیے زندگی کی امید بن چکا ہے۔ لاہور اور پشاور کے بعد اب کراچی میں تیسرا شوکت خانم ہسپتال بننے جا رہا ہے جس سے سندھ اور بلوچستان کے مریضوں کو کینسر کے علاج کی اعلیٰ ترین سہولیات ان کے گھر سے قریب دستیاب ہوں گی۔ اس منصوبے کی کامیابی اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ اگر نیت سچی اور دل صاف ہو تواللہ کی مدد آپ کے ساتھ ہو جاتی ہے جس کے بعد کوئی بھی کام نا ممکن نہیں رہتا۔  پروگرام کے آغاز کے ساتھ ہی دنیا بھر سے شوکت خانم ہسپتال کے ڈونرز اور سپورٹرز نے فون کال کے ذریعے اپنے عطیات کا اعلان کرنا شروع کیا اور سینکڑوں افراد نے شوکت خانم ہسپتال کے لیے 'امید کا سفیر 'بننے کا عہد کیا جس کے تحت وہ ماہانہ بنیادوں پر ہسپتال کو عطیہ دیں گے۔  پروگرام کے مہمانوں کا کہنا تھا کہ یہ ہسپتال عمران خان، پاکستانی عوام اور ہسپتال کے عملے کی مشترکہ محنت کی وجہ سے مستحق افراد کی خدمت کر رہا ہے۔ ا س موقع پر جاوید میاں داد نے 1992کے ورلڈ کپ کی تاریخی گیندبھی ہسپتال کیلئے عطیہ کی۔

شوکت خانم ہسپتال

مزید : صفحہ آخر