پاکستان ہماری شناخت،بھارت میں دوقومی نظریہ کھل کر سامنے آ گیا، پرویزالٰہی
لاہور(جنرل رپورٹر)سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ہم سب کی شناخت پاکستان ہے، بھارت میں دو قومی نظریہ کھل کر سامنے آ گیا، پاکستان واحد اسلامی جوہری طاقت ہے، ہمارا ایٹمی پروگرام بھارت سے بہت زیادہ بہتر اور محفوظ ہے، حکومت کا سرخ فیتہ سامنے نہیں ہونا چاہئے، پرائیویٹ سیکٹر میں سہولتیں فراہم کرنے کیساتھ ساتھ شہبازشریف کی کھڑی کردہ رکاوٹیں دورکی جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی یونیورسٹی کی سالانہ تقریب تقسیم اسناد کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ایجوکیشن سیکٹر میں پرائیویٹ شعبہ اپنی خدمات پیش کر رہاہے، ڈگری لینے کے بعد اصل مرحلہ پریکٹیکل لائف میں کامیابی کیلئے عملی اقدامات ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے 10برسوں میں مسلم لیگ(ن)نے ہر کام میں رکاوٹ ڈالی، بطور وزیراعلیٰ سیالکوٹ موٹروے کے پاس دو بین الاقوامی یونیورسٹیاں بنا رہے تھے لیکن بعد میں آنے والی حکومت نے وہ منصوبے بند کر دئیے جس کی وجہ سے وہ یونیورسٹیاں بھارت منتقل ہو گئیں۔اس موقع پر چیئرمین یونیورسٹی محمود صادق، وائس چیئرمین میاں عمران مسعود نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ، سینیٹر کامل علی آغا، ایرانی قونصل جنرل رضا ناظری، چودھری سلیم بریار، پروفیسر شفقت علی بیگ، پروفیسر راحت حسین بخاری، پروفیسر احسان ملک، پروفیسر ڈاکٹر فضل الٰہی، میڈم عظمیٰ، میڈم حنا صادق، نعمان صادق، پروفیسر اکرم چودھری اور پروفیسر ایوب غوری بھی موجود تھی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کامیاب طلبہ میں میڈل اور شیلڈیں تقسیم کیں۔ اس موقع پرنجی یونیورسٹی کے چیئرمین محمود صادق نے چودھری پرویزالٰہی کو اعزازی شیلڈ پیش کی۔
پرویزالٰہی