پاکستان میں دہشتگردی ختم، نئے سال میں امن و خوشحالی کومزید فروغ ملے گا: اسد قیصر

  پاکستان میں دہشتگردی ختم، نئے سال میں امن و خوشحالی کومزید فروغ ملے گا: اسد ...

  



  سلام آباد (این این آئی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے نئے سال کی شروعات پر قوم کے نام اپنے تہینی پیغام میں اس امید کا اظہار کیا ہے کہ 2020 پاکستان میں معاشی ترقی میں اضافہ ہوگا،عام آدمی کے معیار زندگی بلند ہو گا اور جمہوریت مضبوط ہوگی۔ ایک باین میں انہوں نے قوم کو سال نو کی مبارکباد دیتے ہوئے ہوئے اس اْمید کا اظہار کیا کہ نئے سال کا سورج پاکستانی قوم کے لیے نئی امیدیں اور خوشیاں لے کر طلوع ہوگا اور ملک ترقی و خوشحالی کے نئے دور میں داخل ہوگا۔اسپیکر نے کہا کہ سال 2020 اس حقیقت کی گواہی دے گا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم تاریخ تبدیل کرنے جا رہے ہے اور اس دور کے چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے ایک نئے عزم کے ساتھ اپنا قومی سفر شروع کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے موجودہ حکومت کے معاشرے میں موجود خرابیوں کو دور کرنے، مظلوم اور نادار طبقے کی بحالی اور جامع جمہوریت کے استحکام کے عزم کو دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی کے دن ختم ہو چکے ہے اورسال 2020 میں پاکستان میں امن و خوشحالی کو مزیدفروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے پاکستانی قوم کو آپس کے تمام اختلافات بھلا کر بابائے قوم قائدااعظم محمد علی جناح کے ایمان، اتحاد، نظم و ضبط کے رہنما اصولوں پر کاربند ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔اسپیکر نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان میں نوجوانوں کو کاروباری شعبے میں ملازمت کے لیے مہارت کو فروغ دے کر غربت کے خاتمے کو ممکن بنانے کے عمل کو جاری رکھا جائیگا۔ انہوں کہا کہ موجودہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کی بدولت پاکستان معاشرتی ہم آہنگی اور اقتصادی ترقی کے منازل حاصل کرنے کی طرف تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن جنوبی ایشیا کا خواہاں ہے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے دیگر علاقائی ممالک سے تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی فاشسٹ حکومت نے خطے کا امن داو پر لگا رکھا ہے اور اْس کے نفرت انگیز اقدامات نے خود بھارت کے اندر ہیجانی کیفیت پیدا کر رکھی ہے اور پورا بھارت،بھارتی نسل پرستی پر مبنی پالیسیوں کی وجہ سے سال نو پرسراپہ احتجاج ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ149 دنوں سے کشمیر میں لاک ڈاون جاری ہے اور آج جب دنیا سال نو کی خوشیاں منا رہی کشمیر کے عوام بھارتی ظلم بربریت پر نوحہ خواں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس شدید سردری کے موسم میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے مقبوضہ وادی کے عوام کسمپرسی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پرکشمیر میں جاری لاک ڈاؤں کے خاتمے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لیے کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ 

اسدقیصر

مزید : صفحہ آخر


loading...