لاہور، سوئی گیس کی قلت، گھروں میں پریشر نہ ہونے کے برابر، خواتین کوشدید مشکلات 

لاہور، سوئی گیس کی قلت، گھروں میں پریشر نہ ہونے کے برابر، خواتین کوشدید ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(آئی این پی)ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی سوئی گیس کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کر گیا ہے،جس کے باعث گھریلو معمولات زندگی بری طرح متاثر ہونے لگے ہیں۔تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کے پوش علاقے سبزہ زار،مرغزدار،ملتان چونگی،اسلام پورہ،اچھرہ،گلشن راوی،مصطفیٰ ٹاؤن،وحدت روڈ،یتیم خانہ، علامہ اقبال ٹاؤن،اعظم گارڈن،رانا ٹاؤن،قلعہ گجر سنگھ،جعفری کالونی،کرشن نگر سمیت دیگر علاقوں میں گیس کی فراہمی شدید متاثر ہے اور جن علاقوں میں سوئی گیس آ رہی ہے،وہاں گیس کا پریشر نہ ہونے کے برابر ہے،جس کی وجہ سے خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث ایل پی جی کی مانگ بڑھ گئی ہے،جس کے باعث منافع خور منہ مانگی قیمتیں وصول کررہے ہیں۔
گیس قلت


کراچی(این این آئی)شہر قائد سمیت سندھ بھر میں گیس بحران مزید شدت اختیار کر گیا ہے، سی این جی اسٹیشنز منگل کوشیڈول سے ہٹ کر بند کردیئے گئے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں سی این جی اسٹیشنز کومسلسل  بندش کا سامناہے منگل کوبھی سی این جی اسٹیشنز شیڈول سے ہٹ کر بند کردیئے گئے،گزشتہ15 دنوں میں سی این جی اسٹیشنز مجموعی طور پر صرف 4 دن کھلے ہیں۔ذرائع کے مطابق4 دن کے دوران گیس کے کم دباؤ پر بیش تر اسٹیشن بند کر دیئے گئے، سی این جی ایسوسی ایشن نے اپنے ردعمل میں کہاکہ حکومت عوام کے دیرینہ مسئلے پر کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔دوسری طرف سائٹ، ناظم آباد، نارتھ کراچی، بفرزون، لانڈھی، کورنگی اور دیگر علاقوں گیس کا دباؤ نہایت کم ہو گیا ہے، کراچی کے پانچوں صنعتی زونز گیس کی لوڈ شڈنگ سے شدید متاثر ہو چکے ہیں اور پیداوار بند ہو چکی ہے۔ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ گیس نہ ہونے سے برآمدی آرڈر کی بر وقت تکمیل ممکن نہیں رہی، صنعتی پیداوار نہ ہونے سے مزدور بھی بے روزگار ہو رہے ہیں۔دوسری جانب سوئی سدرن گیس کمپنی کے ترجمان کے مطابق مختلف گیس فیلڈز سے ایس ایس جی سی کو میسر ہونے والی گیس کی مقدار میں کمی واقع ہوئی ہے۔ گیس کی سپلائی کم ہونے سے گھریلو اور کمرشل صارفین کو گیس پہنچانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ پریشر کی کمی کے باعث سی این جی اسٹیشنز کو مزید 24 گھنٹے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق ایس ایس جی سی مینجمنٹ پریشر کا جائزہ لے رہی ہے جیسے ہی گیس پریشر میں بہتری آئی تو سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی ترسیل بحال کر دی جائے گی، حکومت پاکستان کے لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے سب سے پہلے گھریلو اور کمرشل صارفین کو گیس پہنچانا اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
گیس بحران