معاشی کسادبازاری، بھارتی قومی ائیر لائن بند ہونے کا انتباہ

  معاشی کسادبازاری، بھارتی قومی ائیر لائن بند ہونے کا انتباہ

  



نئی دلی(این این آئی)بھارت میں ذرائع ابلا غ نے سرکاری حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مودی حکومت کی طرف سے دوبارہ اقتدار سنبھالنے کے بعد بڑھتی ہوئی اقتصادی بد حالی کے باعث قومی لائن، ائر انڈیااگلے 6ماہ میں بند ہوسکتی ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق اس غیر یقینی صورتحال میں قومی ائرلائن فنڈز کی قلت کے باعث پہلے ہی 12طیارے گراؤنڈ کرنے پر مجبور ہوئی ہے۔ایئرلائن پر لگ بھگ 60 ارب روپے کے قرضوں کا بوجھ ہے اور حکومت ابھی بھی اس کی نجکاری پر کام کر رہی ہے۔ عہدیداروں نے خطرے کی گھنٹی بجاتے ہوئے کہا کہ اگر آئندہ سال جون تک کوئی ممکنہ خریدار نہ ملا تو ایئر انڈیا جیٹ ایئر ویز کی راہ پر چل سکتی ہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ممبئی میں قائم جیٹ ایئرویز کو فنڈز کی کمی کی وجہ سے 17 اپریل 2019 کو گراؤنڈ کیا گیا تھا۔عہدیداروں نے کہا کہ حکومت بڑھتی ہوئی معاشی کساد بازاری کے دوران قرضوں سے دوچار ایئر لائن کو فنڈزدینے سے انکار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایئرلائن کسی نہ کسی طرح کام تو چلارہی ہے لیکن اس طرح زیادہ دیر تک کام نہیں چلایا جا سکتا۔

بھارتی ائیر لائن

مزید : علاقائی