سال نو کے جشن میں شریف شہریوں کو پریشان کرنیوالوں کیخلاف بلا امتیا ز کارروائی کا حکم

سال نو کے جشن میں شریف شہریوں کو پریشان کرنیوالوں کیخلاف بلا امتیا ز ...

  



لاہور(کر ائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہاہے کہ سال نو کے جشن کے دوران سڑکوں پر قوانین کی خلاف ورزی کرکے شریف شہریوں کیلئے پریشانی کا باعث بننے والے عناصر کے خلاف مقام و مرتبے کا لحاظ کئے بغیر بلا تاخیر کاروائیوں کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور صوبے کے تمام اضلاع میں نیو ائیر نائٹ کے حوالے سے ہونے والی کارروائیوں اور درج مقدمات کی تفصیل سنٹرل پولیس آفس بھجوائی جائے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ حساس مقامات اور شاہرات کے سیکیورٹی انتظامات کاجائزہ لینے کیلئے سینئر افسران خود فیلڈ میں رہیں اور کسی صورت ٹریفک کے ہموار بہاؤکومتاثر نہ ہونے دیا جائے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ سیف سٹی کیمروں کے علاوہ ڈولفن، پیرو سمیت دیگر پٹرولنگ فورس کے گشت کے ذریعے مانیٹرنگ اور نگرانی کے عمل کو مزید موثر بنایا جائے تاکہ قانون کی پاسداری کرنے والے شہریوں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ یہ ہدایات آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہورسمیت آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو بھجوائے گئے مراسلے کے ذریعے جاری کیں۔ آئی جی پنجاب کی ہدایت پر اے آئی جی آپریشن کی جانب سے بھجوائے گئے مراسلے میں مزید ہدایت کی گئی کہ نیو ائیر نائٹ پر ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ اور ہلڑ بازی سمیت دیگر خلاف قانون سرگرمیوں کے ذریعے امن کی فضا خراب کرنے والے عناصر کے خلاف کاروائی میں قطعی تاخیر نہ کی جائے جبکہ ساؤنڈسسٹم ایکٹ2015کی پاسداری کو بھی ہر صورت یقینی بنایاجائے۔ مراسلے میں مزیدکہاگیا ہے کہ ون ویلنگ، کار ریسنگ، ہوائی فائرنگ اور سڑکوں پر ہلڑ بازی کرنے والے عادی نوجوانوں کے والدین سے شورٹی بانڈز لئے جائیں کہ انکے بچے کسی خلاف قانون سرگرمی کا حصہ نہیں بنیں گے۔ پولیس کی جانب سے والدین کو گذارش کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں پر نظر رکھیں اور انہیں خلاف قانون کسی سرگرمی کا حصہ نہ بننے دیں۔

کارروائی کاحکم

مزید : علاقائی


loading...