پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی سے ہرسال ایک لاکھ 28ہزار اموات ہوتی ہیں

پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی سے ہرسال ایک لاکھ 28ہزار اموات ہوتی ہیں

  



  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ایڈیشنل سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے ہر سال ایک لاکھ 28 ہزار افراد کی موت واقع ہوجاتی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے ارکان کو بتایا گیا کہ ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے اوسط عمر میں 2 سے 5 برس تک کمی آسکتی ہے۔سینیٹرز کو آگاہ کیا گیا کہ ملک میں 43 فیصد آلودگی کم معیاری تیل کی درآمد، ٹرانسپورٹ اور پاور سیکٹر کی جانب سے استعمال کی وجہ سے ہے۔علاوہ ازیں یہ بھی بتایا گیا کہ پاکستان 2021 تک ماحول دوست ایندھن کا استعمال نہیں کرسکتا۔تاہم سینیٹرز یہ جان کر پریشان ہوئے کہ آئل سیکٹر میں پاکستان کی آخری پالیسی 1997 میں بنائی گئی تھی اور اس کے بعد سے کسی نے ایسی پالیسی نہیں بنائی جو ٹیکنالوجی، ترقی اور دیگر ضروریات کے مطابق ہو۔پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکر کی سربراہی میں انسانی حقوق کی کمیٹی نے لاہور میں اسموگ کے بعد موسمیاتی تبدیلی کا معاملہ اٹھایا تھا۔قائمہ کمیٹی نے گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں وزیر موسمیاتی تبدیلی، حکومت پنجاب کے نمائندوں، وزارت پیٹرولیم، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اور آئل ریفائنریز کے نمائندوں کو شرکت کی دعوت دی تھی۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکریٹری موسمیاتی تبدیلی جودت ایاز نے کمیٹی کو بتایا کہ موسمیاتی تبدیلی کہ وجہ سے براہ راست یا بالواسطہ سالانہ ایک لاکھ 28 ہزار اموات ہوتی ہیں۔ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ بچے اعضا کی بیماریوں سے لڑنے میں کمزور ہورہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 43 فیصد آلودگی درآمد کیے گئے غیرمعیاری تیل کی وجہ سے ہے، جو ٹرانسپورٹ انڈسٹری اور انرجی سیکٹر کی جانب سے استعمال کیا جاتا ہے۔ایڈیشنل سیکریٹری نے مزید کہا کہ ’پاکستان میں یورو-2 معیار لاگو ہوتا ہے جبکہ دنیا یورو-6 ٹیکنالوجی پر پہنچ چکی ہے‘۔دوران اجلاس سینیٹرز کو بتایا گیا کہ کم پیداوار اور صحت کے اخراجات سے موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے 9 فیصد شرح نمو متاثر ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مضبوط تعاون کی ضرورت ہے اور ملک بھر میں معیار یکساں ہونے چاہئیں۔سینیٹر مصطفیٰ کھوکھر نے کہا کہ انہوں نے لاہور میں اسموگ کی وجہ سے معاملے کا نوٹس لیا لیکن وہ اس لیے بھی تبادلہ خیال کرنا چاہتے تھے کیونکہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا پانچواں ملک ہے۔

اموات رپورٹ

مزید : علاقائی