عمران خان نے ملک کو ڈیفالٹر ہونے سے بچایا،اعجازچوہدری

  عمران خان نے ملک کو ڈیفالٹر ہونے سے بچایا،اعجازچوہدری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدراعجازاحمدچوہدری نے کہاکہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ پی ٹی آئی کی حکومت کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ کرنا بندکرے، دونوں جماعتوں نے اپنے دورِحکومت میں مہنگے ترین قرضے لے کر ملک کو بحرانوں میں دھکیلا،ملکی اثاثوں کو گروی رکھ کرقرضے لئے، وزیراعظم عمران خان نے اقتدار سنبھالتے ہی ملک کو ڈیفالٹر ہونے سے بچایا اور حکومت کے پہلے سال میں 10 ارب ڈالر قرضہ واپس کیا ہے، نیب آرڈنینس کے خلاف درباری اور مداری زہراگل رہے ہیں۔ وہ گذشتہ روز پارٹی سیکرٹریٹ میں شاہدرہ سے ن لیگ کی سابقہ ایم پی اے گلشن ریاض کی تحریک انصاف میں شمولیت اور سنٹرل پنجاب کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے عہدیداران سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کررہے تھے،اس موقع پر علی امتیاز وڑائچ، عامر گجر، ندیم قادر بھنڈر، غلام محی الدین دیوان، مہر واجد عظیم، جنید رزاق ایڈووکیٹ سمیت دیگر بھی موجود تھے، اعجازاحمدچوہدری اور عہدیداران نے گلشن ریاض کو پی ٹی آئی میں شمولیت پر مبارکباد دی۔


اور خوش آمدید کہا، گلشن ریاض کاکہناتھاکہ میں عمران خان کے وڑن اور پی ٹی آئی حکومت کی پالیسیوں سے متاثر ہو کر تحریک انصاف میں شامل ہو رہی ہوں،اعجازاحمدچوہدری کا مزید کہناتھاکہ بلاول زرداری اپنا ذہنی توازن کھوبیٹھے ہیں وہ اقتدار کی ہوس میں جمہوری اقتدار بھی بھول چکے ہیں، دوسروں کوجمہوریت کا درس دینے والے جمہوری حکومت پر شب خون مارناچاہتے ہیں، بلاول زرداری شارٹ کٹ راستہ اختیار اور سازشیں کرنے کی بجائے سندھ کی عوام کے مسائل پر توجہ دیں۔ بعدازاں پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کے صدر اعجازاحمدچوہدری سے وائس چیئرمین سوشل پروٹیکشن اتھارٹی پنجاب علی اسجد ملہی نے ملاقات کی، ملاقات میں انہوں نے اعجازاحمدچوہدری کو احساس پروگرام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، ملاقات کرنے والوں میں سید عباس رضوی، چوہدری طارق ارشاد، ڈاکٹر عظیم الدین لکھوی، علی جاوید ڈوگر، فیاض بھٹی، نواز نت، میاں رؤف، افضل چیمہ سمیت دیگر عہدیداران شامل تھے۔