قائد اعظم ؒکی وجہ سے مسلم لیگ عوام کے دلوں کی دھڑکن بنی،پروفیسر شرافت
لاہور (لیڈی رپورٹر) پاکستان کی خالق جماعت مسلم لیگ قائداعظم محمد علی جناحؒ کی فراست اور اصول پرستی کی بدولت مسلمانان ہند کے دلوں کی دھڑکن بن گئی‘ اس جماعت نے جنوبی ایشیاء کا نقشہ تبدیل کر کے رکھ دیا اور دنیا کی سب سے بڑی اسلامی مملکت قائم کر دکھائی۔ نوجوان طلبا ء مسلم لیگ کا ہراول دستہ ثابت ہوئے جنہوں نے مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کے پلیٹ فارم سے قائداعظمؒ کا پیغام برصغیر کے طول و عرض میں مقیم مسلمانوں تک پہنچا یا۔
ان خیالات کا اظہار پروفیسرشرافت علی نے پاکستان کی خالق جماعت مسلم لیگ اور مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن(ایم ایس ایف) کے یومِ تاسیس کے سلسلے میں ایوانِ کارکنانِ تحریک پاکستان‘ لاہور میں منعقدہ خصوصی لیکچر کے دوران کیا۔ اس لیکچر کا اہتمام نظریہئ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔
پروفیسرشرافت علی نے کہا 1857ء سے1906ء تک کا زمانہ مسلمانوں کی ابتری کا دور ہے۔ اس دوران مسلم دشمنی کے بے شمار واقعات رونما ہوئے ان حالات میں مسلم رہنماؤں نے محسوس کیا کہ ایک الگ جماعت کا قیام ناگزیر ہے چنانچہ دسمبر1906ء میں نواب سلیم اللہ کے گھر مسلم لیگ کا قیام عمل میں آیا۔ آل انڈیا مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے شروع ہونے والی تحریک پاکستان کا بنیادی مقصد برصغیر کے مسلمانوں کو انگریزوں کی غلامی اور ہندوؤں کے امکانی تسلط سے نجات دلانا اور ان کیلئے ایک ایسی اسلامی‘جمہوری و فلاحی ریاست کا قیام تھا جہاں وہ اسلامی تعلیمات اور اقدار و ثقافت کے مطابق زندگی گزارنے میں آزاد ہوں۔مسلم لیگ کا پیغام برصغیر کے طول وعرض میں پہنچانے کیلئے نوجوان طلبہ کی تنظیم مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن قائم کی گئی۔ 1945-46ء کے انتخابات میں ایم ایس ایف کے طلبہ نے کام بھرپور کام کیا۔