ایل ڈبلیو ایم سی نے 2019میں 19لاکھ78ہزار ٹن ویسٹ ٹھکانے لگایا

  ایل ڈبلیو ایم سی نے 2019میں 19لاکھ78ہزار ٹن ویسٹ ٹھکانے لگایا

  



لاہور(جنرل رپورٹر) ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیوایم سی) نے گزشتہ برس مجموعی طور پر متعدد کلین اپ آپریشنز میں 19لاکھ78ہزار ٹن سے زائد ویسٹ ماحول دوست انداز میں ٹھکانے لگایا جبکہ صفائی کی ہیلپ لائن 1139 پر موصول ہونے والی 2 لاکھ 44ہزار شکایات کا بروقت ازالہ کیا گیا۔لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے شعبہ انفورسمنٹ کی جانب سے شہر میں غیر قانونی طور پر کوڑا کرکٹ پھینکنے پر کاروائی کرتے ہوئے5کروڑ سے زائد کے 30010 چالان کئے گئے۔کمیونٹی آگاہی پروگرام کے تحت تعلیمی اداروں، مارکیٹوں، شاہراؤں اور تفریح گاہوں سمیت مختلف مقامات پر 500 سے زائد خصوصی صفائی و آگاہی مہموں کا انعقاد کیا گیا۔

جس میں شہریوں کو صفائی پر آگاہی دی گئی۔ ایل ڈبلیوایم سی نے سال2019 میں عید الاضحی، عید الفطر، رمضان المبارک، انسداد ڈینگی مہم، صاف وسرسبز پنجاب مہم، مون سون، محرم الحرام، عید میلاد النبی، ارتھ ڈے، کرسمس، ورلڈ انوائرنمنٹ ڈے سمیت تمام اہم مواقعوں پر صفائی انتظامات یقینی بنا کر صاف ستھرے ماحول کے قیام کے عہد کو برقرار رکھا جس پر اداروں و شہریوں کی جانب سے سراہا بھی گیا۔مشہورسیاسی وسماجی کارکن ابرار الحق نے ہفتہ وار انسداد ڈینگی مہم میں خصوصی شرکت کی، شہریوں میں ڈینگی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر پر بریف کیا اور شہریوں میں آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کئے۔

مزید براں ایل ڈبلیوایم سی کی کلین اینڈ گرین لاہور اور مربوط نظام ِ صفائی کی کاوشیں نئے سال میں داخل ہو گئیں ہیں۔ کمپنی نے سال2019 کے دوران متعدد اہم پروجیکٹس پر سنگ میل کامیابی سے عبور کئے جن میں محمود بوٹی ڈمپ سائٹ پر لگائے گئے کمپوسٹ پلانٹ کی مدد سے آرگینک ویسٹ کو استعمال کرتے ہوئے 600 میٹرک ٹن نامیاتی کھاد تیار کی گئی۔کمپنی کی جانب سے کلین اینڈ گرین اور ہفتہ صفائی و شجرکاری کے حوالے سے لکھوڈیر لینڈ فل سائٹ پر شجرکاری مہم کا آغازکیا گیا اور 6ہزار سے زائد پودے لگائے گئے۔پاکستان کی پہلی لینڈ فل سائٹ پر روزانہ کی بنیاد پر 2500ٹن سے زائد کوڑے کرکٹ کو سائینسی انداز میں تلف کیا جا رہا ہے۔شہر میں روزانہ پیدا ہونے والے 6000ٹن سے زائد کوڑاکرکٹ کو ماحوال دوست انداز اور منافع بخش طریقے سے ٹھکانے لگانے کی حکمت ِ عملی پر بھی کام جاری ہے۔ مزید براں ادارے کی جانب سے شہر سے روزانہ پید ا ہونے والے کوڑے کرکٹ کو دو سے تین مرتبہ اکٹھا کیا جاتاہے۔ کوڑاکرکٹ سے توانائی پیدا کرنے کے لیے چائنہ کی کمپنی سے معاملات ابتدائی مراحل میں ہیں۔چینی کمپنی نے لاہور میں 40 میگا واٹ صلاحیت کا پلانٹ لگانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے جس سے کوڑاکرکٹ سے 40 میگا واٹ تک بجلی پیدا کی جاسکے گی۔ اس سلسلے میں ایل ڈبلیو ایم سی چائینیز کمپنی کو 25کنال اراضی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ 2ہزار ٹن کوڑا کرکٹ بھی فراہم کرے گی۔ ہسپتالوں کے فضلہ کو ٹھکانے لگانے کے لیے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے مارچ2018سے کام جاری ہے ابتدائی طور پر چلڈرن ہسپتال میں لگائے گئے دو عدد پلازمہ ٹیکنالوجی کے حامل انسنریٹر پلانٹ کی مدد سے روزانہ کہ بنیاد پر 3ٹن فضلے کو ماحول دوست انداز میں تلف کیا جارہا ہے۔ سال 2019کے دوران ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے ہسپتالوں کے 1310ٹن سے زائد فضلہ کو ماحول دوست انداز میں تلف کیا گیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...