2019میں کئی فنکاروں کے بچوں کی پیدائش،سینئرز کا انتقال
لاہور(فلم رپورٹر) سال گزشتہ 2019میں کئی فنکاروں کے گھروں میں بچوں کی پیدائش بھی ہوئی جن میں مہرین سید کے گھر بیٹا،فیروزخان کے گھر بھی بیٹا،ایمن خان اور منیب بٹ کے گھر بیٹی،اور آمنہ بابر کے گھر بھی بیٹی کی پیدائش ہوئی،عاطف اسلم کے گھر دوسرے بیٹے کی پیدائش ہوئی۔اس سال آمنہ شیخ اور محب مرزا کی طلاق کی تصدیق بھی ہوئی جبکہ طرف محسن عباس حیدر اورفاطمہ سہیل نے بھی راستے الگ کرلئے۔ایک دوسرے پر مختلف الزامات کے بعد دونوں نے الگ ہونے کا فیصلہ کیا اور فاطمہ سہیل نے خلع کے ذریعے راستہ الگ کرلیا۔سال 2019میں جہاں انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کو بہت سی خوشیاں ملیں وہیں بہت سے لوگ ہمیشہ کے لئے داغ مفارقت دے کر سب کو اداس کرگئے جن میں اداکارہ صفیہ خیری،گلاب چانڈیو،روحی بانو،خاور بٹ،ڈائریکٹرثاقب صدیقی،مردان سے تعلق رکھنے والی مشہور اداکارہ گلالئی کو قتل کردیا گیا۔گلوکارہ شہنازبیگم بنگلہ دیش میں انتقال کرگئیں،پی ٹی وی لاہور کے پروڈیوسر افتخار مجاز بھی دنیا چھوڑ گئے۔اسی سال ہم سے جدا ہونے والے دیگر افراد میں ٹی وی کے معروف ڈائریکٹر عاطف حسین،ڈاکٹر جمیل جالبی، ڈاکٹر انورسجاد،موسیقار نیازاحمد،نغمہ نگار نثار ناسک،اداکارہ ذہین طاہرہ،اداکار ہمایوں گیلانی، حمایت علی شاعر،تنویر کاظمی، اداکار عابد علی،ساجد پرویز غوری، اشرف راہی اور وکیل فاروقی شامل ہیں۔