پی کے 69کے عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کرینگے، اشتیاق ارمڑ 

پی کے 69کے عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کرینگے، اشتیاق ارمڑ 

  



 پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر جنگلات،ماحولیات اور جنگلی حیات سیدمحمد اشتیاق ارمڑ نے کہا ہے کہ پی کے 69 کے عوام کے ساتھ کیے گئے تمام وعدوں کو عملی جامہ پہنائیں گے اور انہیں ریلیف دینے کے تمام تر اقدامات کیے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مانچسٹر کے دورے سے وطن واپسی پر پشاور میں حلقے کے عوام سے بات چیت کے دوران کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے منصفانہ منصوبہ بندی کر رہی ہے جس سے دور افتادہ علاقوں کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عوام کی ترقی و خوشحالی ہماری ترجیح ہے اور پہلے سے محروم حلقے کی تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے جدوجہد کریں گے اور اسی جذبے کے تحت مستحق لوگوں پر تمام دستیاب وسائل خرچ کر رہے ہیں تاکہ مفاد عامہ کے جاری تمام منصوبے شفافیت اور اعلیٰ معیار کے ساتھ بروقت مکمل ہو سکیں اور تمام سکیموں کے فوائد براہ راست عوام کو ملیں کیونکہ ملک میں کئی سالوں تک باریاں لینے والے عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے دیرپا اور پائیدار پروجیکٹس مکمل نہ کرسکے۔جس کا خمیازہ اب یہاں کے عوام بھگت رہے ہیں۔سید محمد اشتیاق ار مڑ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام کی تمام محرومیوں کا ازالہ کر رہی ہے اور قومی خزانے کی پائی پائی عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کے عوام موجودہ حکومت کے ساتھ اپنا بھرپور تعاون جاری رکھیں تاکہ ان کے مسائل و مشکلات میں میں خاطر خواہ کمی لائی جا سکے۔ 

مزید : صفحہ اول