عمران خان کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں بھی حریم شاہ کا چرچا رہا ؟ فردوس عاشق اعوان کا سوال پر نہایت حیران کن جواب
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ کے معاملے پر پوچھے گئے سوال پر جواب ہی گول کر دیا ۔
نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران فردوس عاشق اعوان سے سوال کیا گیا کہ بعض وزراء کے حوالے سے سکینڈل آ رہے ہیں ، کیا وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ کا ذکر ہوا ؟اس سوال پر مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے جواب گول کر دیا اور تصدیق یا تردی کی بجائے کہا کہ یہ ہمارے اپنے اختیار میں ہے کہ اپنے گیجٹس ( موبائل فون اور دیگر آلات) سے اپنی زندگی کو جہنم بنا لیں یا جنت۔
خیال رہے کہ سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ پر ان دنوں ٹِک ٹاک اسٹارز حریم شاہ اور صندل خٹک کا خوب چرچا ہے۔چند روز قبل حریم شاہ کی وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید سے کال پر بات کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر آنے کے بعد ایک بحث چھڑ گئی تھی۔بعد ازاں اپنے اوپر تنقید کے خلاف حریم شاہ اور ان کی ساتھی صندل خٹک نے پاکستان تحریکِ انصاف کے ورکرز اور وزراءکے خلاف ثبوت منظرِ عام پر لانے کی دھمکی بھی دی تھی۔
دوسری جانب حریم شاہ نے جیو نیوز کے مارننگ شو "جیو پاکستان" میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کی ورکر ہیں اسی لیے ویڈیوز بھی انہی کے ساتھ بناتی ہیں۔حریم شاہ نے مزیدکہا کہ ان کی پوری فیملی تحریک انصاف میں شامل ہے۔ "ہم کل بھی خان صاحب کے ساتھ تھے آج بھی خان صاحب کے ساتھ ہیں، میں پی ٹی آئی کی سپورٹر ہوں اور عمران خان کی فین ہوں۔"