رانا ثناءاللہ کتنے ارب روپے کے مالک ہیں ؟ اینٹی نارکوٹکس فورس کے ڈی جی نے حیران کن انکشاف کر دیا

رانا ثناءاللہ کتنے ارب روپے کے مالک ہیں ؟ اینٹی نارکوٹکس فورس کے ڈی جی نے ...
رانا ثناءاللہ کتنے ارب روپے کے مالک ہیں ؟ اینٹی نارکوٹکس فورس کے ڈی جی نے حیران کن انکشاف کر دیا

  



اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) اینٹی نارکوٹکس فورس کے ڈی جی میجر جنرل محمد عارف ملک نے وفاقی کابینہ کو بریفنگ میں انکشاف کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ کو صرف چار مرلے کا گھر وراثت میں ملا لیکن اب وہ 25 سے 30 ارب روپے کے مالک ہیں۔

دنیا نیوز کے مطابق وفاقی کابینہ اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے، ذرائع کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس کے ڈی جی میجر جنرل محمد عارف ملک نے رانا ثنا اللہ کیس پر تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے بریفنگ میں بتایا کہ کوئی جج یہ کیس سننے کو تیار نہیں تھا۔ ہمارے پاس ایک لاکھ روپے فیس والا وکیل ہے جبکہ رانا ثنا اللہ کا کیس ایک ریٹائرڈ جج لڑ رہا ہے۔ 9 سی کے ملزم کی آج تک ضمانت نہیں ہوئی۔

ڈی جی اے این ایف نے انکشاف کیا کہ رانا ثنا اللہ کو چار مرلے کا مکان وراثت میں ملا لیکن اب ان کے اثاثوں کی مالیت 25 سے 30 ارب روپے ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اے این ایف کا مقابلہ مافیا سے ہے، قانونی معاونت کو بہتر بنائیں۔وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا تھا کہ رانا ثنا اللہ کیس کو درست طریقے سے ہینڈل نہیں کیا گیا۔ ایف آئی آر اور پریس کانفرنس کے موقف میں واضح تضاد تھا۔

شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ آج کل ہر کارروائی کی فوٹیج ضرور بنائی جاتی ہے۔ اے این ایف کارروائی کی فوٹیج کیوں نہیں بنائی گئی؟وفاقی وزیر مواصلات کا کہنا تھا کہ کارروائی اور کیس کی مس ہینڈلنگ کے باعث اپوزیشن کو تنقید کا موقع ملا۔ مافیا نے اے این ایف کی طریقہ کارروائی کو شکست دے دی۔ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس کا کابینہ اراکین کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ہماری کوئی سیاسی وابستگی نہیں، شواہد کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہیں۔

مزید : قومی